مظفرآباد: آزاد جموں و کشمیر قانون ساز اسمبلی کے عام انتخابات 2026 کے دوسرے مرحلے میں 21 انتخابی نشستوں پر پولنگ کا عمل جاری ہے۔ ووٹرز شام 5 بجے تک بغیر کسی وقفے کے اپنا حقِ رائے دہی استعمال کر سکیں گے۔
دوسرے مرحلے میں مظفرآباد ڈویژن کی 9 عام نشستوں اور پاکستان کے مختلف شہروں میں مقیم کشمیری مہاجرین کی 12 نشستوں پر ووٹنگ ہو رہی ہے۔ الیکشن کمیشن کے مطابق اس مرحلے میں 12 لاکھ سے زائد رجسٹرڈ ووٹرز اپنا ووٹ کاسٹ کریں گے۔
مظفرآباد ڈویژن کی 9 نشستوں پر 208 امیدوار مدمقابل ہیں، جبکہ 8 لاکھ 9 ہزار 621 ووٹرز رجسٹرڈ ہیں۔ مہاجرین کی 12 نشستوں پر بھی 143 امیدوار قسمت آزما رہے ہیں۔
انتخابی عمل کے لیے مظفرآباد ڈویژن میں 1,483 پولنگ اسٹیشن قائم کیے گئے ہیں، جبکہ سیکیورٹی کے فول پروف انتظامات کیے گئے ہیں۔ الیکشن کمیشن نے ایل اے-28، ایل اے-29 اور ایل اے-31 کو انتہائی حساس قرار دیا ہے، جہاں اضافی سیکیورٹی اہلکار تعینات کیے گئے ہیں۔
اس مرحلے میں مسلم لیگ (ن)، پاکستان پیپلز پارٹی، استحکام پاکستان پارٹی سمیت مختلف سیاسی جماعتوں اور آزاد امیدواروں کے درمیان سخت مقابلے متوقع ہیں۔ اہم امیدواروں میں شاہ غلام قادر، سردار تنویر الیاس، راجہ فاروق حیدر اور چوہدری لطیف اکبر شامل ہیں۔
راولپنڈی ڈویژن میں مہاجرین کی تین نشستوں پر 35 امیدوار مدِمقابل ہیں، جبکہ خیبرپختونخوا میں حلقہ ایل اے-45 کشمیر ویلی-VI کے لیے 21 اضلاع میں قائم 41 پولنگ اسٹیشنز پر بھی ووٹنگ جاری ہے۔
الیکشن حکام کے مطابق پولنگ کے اختتام کے بعد ووٹوں کی گنتی شروع کی جائے گی، جبکہ غیر سرکاری اور غیر حتمی نتائج مرحلہ وار موصول ہونا شروع ہو جائیں گے۔




