راولپنڈی: سکیورٹی فورسز نے خیبرپختونخوا میں دو مختلف مقامات پر کامیاب انٹیلی جنس بنیادوں پر آپریشن کرتے ہوئے فتنہ الخوارج سے تعلق رکھنے والے 10 دہشت گردوں کو ہلاک کر دیا۔
پاک فوج کے شعبۂ تعلقات عامہ (آئی ایس پی آر) کے مطابق یہ کارروائیاں 6 اگست کو جنوبی وزیرستان اور ضلع دیر میں کی گئیں۔ ترجمان کا کہنا ہے کہ آپریشنز کے دوران دہشت گردوں کے ٹھکانوں کو مؤثر انداز میں نشانہ بنایا گیا، جس کے نتیجے میں 10 دہشت گرد مارے گئے۔
آئی ایس پی آر نے بتایا کہ متاثرہ علاقوں میں کلیئرنس آپریشن جاری ہے تاکہ کسی بھی باقی ماندہ دہشت گرد کا سراغ لگا کر اسے قانون کے کٹہرے میں لایا جا سکے۔ بیان میں اس عزم کا اعادہ کیا گیا کہ سکیورٹی فورسز ملک سے دہشت گردی کے خاتمے اور پائیدار امن کے قیام کے لیے اپنی کارروائیاں پوری قوت سے جاری رکھیں گی۔




