اسلام آباد:مشیرِ وزیراعظم رانا ثنا اللہ نے کہا ہے کہ پاکستان کشمیر کے بغیر نامکمل ہے، کشمیر پاکستان کا حصہ اور ہماری شناخت کا اہم جزو ہے۔ انہوں نے کہا کہ کشمیری عوام کی قربانیاں تاریخ کا ناقابلِ فراموش باب ہیں۔
رانا ثنا اللہ نے کہا کہ بھارت کو اب معلوم ہو چکا ہے کہ وہ پاکستان کا مقابلہ نہیں کر سکتا۔ ان کا کہنا تھا کہ بھارت پاکستان کے ساتھ روایتی جنگ لڑنے کی پوزیشن میں بھی نہیں، جبکہ مختلف اقدامات کے ذریعے پاکستان کو کمزور کرنے کی کوششیں کی جا رہی ہیں۔
آزاد کشمیر کی سیاسی صورتحال پر گفتگو کرتے ہوئے مشیرِ وزیراعظم نے دعویٰ کیا کہ مسلم لیگ (ن) کو عوامی مینڈیٹ حاصل ہو چکا ہے۔ انہوں نے کہا کہ حکومت بنانے کے لیے 45 میں سے 23 نشستیں درکار ہیں، جبکہ مسلم لیگ (ن) 24 نشستیں جیت چکی ہے۔
انہوں نے کہا کہ مریم نواز نے وعدہ کیا تھا کہ اگر کشمیر کے عوام نے مسلم لیگ (ن) پر اعتماد کیا تو پنجاب کی طرز پر آزاد کشمیر میں بھی ترقیاتی کام کیے جائیں گے۔ اب عوام سے کیے گئے وعدے پورے کرنے کا وقت آ گیا ہے۔
رانا ثنا اللہ نے مزید کہا کہ کشمیر کے عوام اپنا فیصلہ سنا چکے ہیں اور مسلم لیگ (ن) کو مینڈیٹ مل چکا ہے۔ ان کے مطابق آزاد کشمیر میں شفاف انتخابات ہوئے اور کشمیر کے عوام نے پنجاب کی ترقی پر اعتماد کا اظہار کیا ہے۔




