اسلام آباد: وزیر مملکت برائے داخلہ طلال چودھری نے راولپنڈی کے مال روڈ پر پیش آنے والے فائرنگ کے واقعے پر پی ٹی آئی قیادت سے سوالات کرتے ہوئے کہا ہے کہ سیاسی کارکنوں کے ذہنوں میں نفرت اور انتشار پیدا کرنے کی بجائے انہیں قانون کی پاسداری کا درس دینا چاہیے۔
اسلام آباد میں پریس کانفرنس کرتے ہوئے طلال چودھری نے کہا کہ واقعے میں ایک سیاسی کارکن نے سکیورٹی فورسز پر براہ راست فائرنگ کی، جس کے نتیجے میں ایک اہلکار زخمی ہوا۔ ان کے مطابق سکیورٹی فورسز نے اپنی جان کے دفاع میں جوابی فائرنگ کی۔
وزیر مملکت نے سوال اٹھایا کہ سیاسی کارکنوں کو اس طرح کے اقدام کی تربیت کس نے دی؟ ان کا کہنا تھا کہ پی ٹی آئی قیادت یہ کہہ کر بری الذمہ نہیں ہوسکتی کہ فائرنگ کرنے والے نوجوان سے ان کا کوئی تعلق نہیں۔
طلال چودھری نے کہا کہ اگر نوجوان کا دماغی توازن درست نہیں تھا تو پھر یہ سوال بھی اپنی جگہ موجود ہے کہ اس نے سکیورٹی فورسز کو ہی کیوں نشانہ بنایا۔ انہوں نے کہا کہ پی ٹی آئی سے بارہا کہا گیا ہے کہ نوجوانوں کے ذہنوں میں نفرت، اشتعال اور انتشار نہ بھرا جائے۔
وزیر مملکت نے کہا کہ سیاسی اختلافات کو تشدد کا راستہ اختیار کرنے کا جواز نہیں بنایا جاسکتا۔ ریاستی اداروں اور سکیورٹی اہلکاروں پر حملہ قانون کی خلاف ورزی ہے اور ایسے واقعات میں قانون کے مطابق کارروائی ہونی چاہیے۔




