اسلام آباد: وزیراعظم محمد شہباز شریف کی زیر صدارت کابینہ کمیٹی برائے توانائی کا اجلاس وزیراعظم ہاؤس میں منعقد ہوا، جس میں نیشنل الیکٹریسٹی پلان 2023-2027 میں ترامیم کی منظوری دے دی گئی۔
اجلاس میں پاور ڈویژن کی جانب سے پیش کی گئی ترامیم کا تفصیلی جائزہ لیا گیا۔ ترامیم کا مقصد توانائی کے شعبے میں مربوط منصوبہ بندی، بجلی کی پیداوار میں اضافہ اور دور دراز علاقوں میں قابل تجدید ذرائع سے پیدا ہونے والی بجلی کی فراہمی کو بہتر بنانا ہے۔
ترمیم شدہ پلان میں بجلی کی کراس بارڈر تجارت، ترسیلی نظام میں توسیع، ٹیرف ڈیزائن اور بجلی کی بچت سے متعلق اقدامات بھی شامل ہیں۔ اس کے علاوہ سسٹم اور مارکیٹ آپریشنز، خطرات کی نشاندہی، انتظامی امور اور توانائی کے شعبے میں ڈیجیٹائزیشن پر بھی توجہ دی گئی ہے۔
اجلاس میں ایندھن اور ٹیکنالوجی کے شعبے میں مقامی استعداد کار بڑھانے، تحقیق و ترقی اور توانائی کے نظام کو جدید خطوط پر استوار کرنے سے متعلق ترامیم کی بھی منظوری دی گئی۔
کابینہ کمیٹی نے ہدایت کی کہ نیشنل الیکٹریسٹی پلان میں منظور کی گئی ترامیم کے حوالے سے حکومت خیبر پختونخوا اور نیشنل الیکٹرک پاور ریگولیٹری اتھارٹی (نیپرا) سے مزید مشاورت کی جائے۔




