اسلام آباد: وزیراعظم شہباز شریف کی زیرصدارت فنانس پلان پر عملدرآمد کا جائزہ اجلاس ہوا، جس میں وزیراعظم اپنا گھر سکیم، زراعت اور چھوٹے و درمیانے کاروباروں کے لیے کیے جانے والے اقدامات پر بریفنگ دی گئی۔
وزیراعظم نے کہا کہ کم آمدن اور متوسط طبقے کو سستی رہائش کی سہولت فراہم کرنا حکومت کی ترجیح ہے۔ بینکوں اور مالیاتی اداروں کو ہدایت کی گئی کہ ہاؤسنگ، زراعت اور ایس ایم ایز کے شعبوں کو آسان شرائط پر قرضوں کی فراہمی یقینی بنائی جائے۔
شہباز شریف کا کہنا تھا کہ زرعی شعبہ ملکی معیشت میں ریڑھ کی ہڈی کی حیثیت رکھتا ہے، کسانوں کو مالی وسائل تک بروقت اور بلا رکاوٹ رسائی ملنی چاہیے۔
وزیراعظم نے متعلقہ حکام کو ہدایت کی کہ کسانوں کے لیے قرضوں کے حصول کا عمل مزید آسان اور مؤثر بنایا جائے، تاکہ زرعی پیداوار میں اضافہ اور ملکی معیشت کو مزید مضبوط کیا جاسکے۔




