پاکستان
Trending

قدرتی آفات سے نمٹنے کیلئے پیشگی وارننگ نظام مضبوط بنانے کا فیصلہ

 

اسلام آباد: نائب وزیراعظم اور وزیر خارجہ محمد اسحاق ڈار کی زیرصدارت نیشنل ایمرجنسیز آپریشن سینٹر میں پاک گلوبل ٹیک فیسیلٹی کے قیام سے متعلق اعلیٰ سطح اجلاس ہوا، جس میں قدرتی آفات سے نمٹنے کی قومی استعداد کار مضبوط بنانے اور جدید ٹیکنالوجی کے استعمال پر غور کیا گیا۔

اجلاس میں چیئرمین نیشنل ڈیزاسٹر مینجمنٹ اتھارٹی (این ڈی ایم اے) نے قدرتی آفات کی نگرانی، ابتدائی وارننگ، پیشگی تیاری اور مربوط ردعمل کے حوالے سے نیشنل ایمرجنسیز آپریشن سینٹر کے کردار پر بریفنگ دی۔

شرکاء کو این ڈی ایم اے کے نیکسٹ جنریشن ٹیکنالوجی منصوبے اور عالمی تعاون کے لیے گلوبل ریزیلینس ہب کے قیام کی منصوبہ بندی سے بھی آگاہ کیا گیا۔

نائب وزیراعظم اسحاق ڈار نے موسمیاتی تبدیلی کے باعث پاکستان کو درپیش خطرات کے پیش نظر قدرتی آفات سے نمٹنے کی قومی استعداد مزید مضبوط بنانے پر زور دیا۔

انہوں نے مصنوعی ذہانت اور ڈیجیٹل ٹیکنالوجیز کے استعمال کو فروغ دینے کی ہدایت کرتے ہوئے کہا کہ آفات سے نمٹنے کی حکمت عملی کو صرف فوری ردعمل تک محدود رکھنے کے بجائے ابتدائی وارننگ اور پیشگی تیاری پر زیادہ توجہ دی جائے۔

اجلاس میں قدرتی آفات کے ممکنہ خطرات کی بروقت نشاندہی، ابتدائی وارننگ کے نظام کو مؤثر بنانے، اداروں کے درمیان رابطہ کاری بہتر کرنے اور جدید ٹیکنالوجی کے ذریعے ہنگامی صورتحال سے نمٹنے کی صلاحیت بڑھانے سے متعلق امور کا جائزہ لیا گیا۔

Related Articles

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے

Back to top button