اسلام آباد:وزیراعظم محمد شہباز شریف سے پولینڈ کے وزیر اور کونسل آف منسٹرز کے رکن ٹوماش شیمونیاک نے ملاقات کی۔
ملاقات میں پاکستان اور پولینڈ کے دوطرفہ تعلقات، باہمی تعاون اور علاقائی صورتحال پر تبادلہ خیال کیا گیا۔
وزیراعظم نے پاکستان اور پولینڈ کے تعلقات میں مثبت پیش رفت پر اطمینان کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ پاکستان تاریخی دوستی کو مضبوط اور طویل المدتی شراکت داری میں تبدیل کرنے کا خواہاں ہے۔
وزیراعظم نے دوطرفہ روابط کے فروغ کے لیے اعلیٰ سطحی قیادت کے تبادلوں کی اہمیت پر زور دیا، جبکہ جی ایس پی پلس اسکیم میں پاکستان کی حمایت پر پولینڈ کا شکریہ ادا کیا۔
ملاقات میں علاقائی کشیدگی کے خاتمے اور تنازعات کے حل کے لیے مذاکرات اور سفارت کاری کی ضرورت پر بھی زور دیا گیا۔ وزیراعظم نے خطے میں امن و استحکام کے لیے پاکستان کے عزم کا اعادہ کیا۔




