ساہیوال: وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز نے کہا ہے کہ صوبے میں میرٹ کی بنیاد پر فیصلے کیے جا رہے ہیں اور کسی قسم کی سفارش قبول نہیں کی جائے گی۔ حکومت پنجاب کے طلبہ و طالبات کو تعلیمی سہولتوں کی فراہمی کے لیے تمام دستیاب وسائل بروئے کار لا رہی ہے۔
ساہیوال میں لیپ ٹاپس تقسیم کرنے کی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے مریم نواز نے کہا کہ وسائل کی کمی کسی بچے کی تعلیم کے حصول میں رکاوٹ نہیں بنے گی۔ صوبے کے طلبہ و طالبات کو ایک لاکھ الیکٹرک بائیکس فراہم کی جائیں گی، جن میں زیادہ حصہ بچیوں کا ہوگا۔ اس کے علاوہ پنجاب میں تین ہزار الیکٹرک بسیں لانے کا منصوبہ بھی ہے۔
وزیراعلیٰ پنجاب نے تحریک انصاف کے لانگ مارچ پر تنقید کرتے ہوئے کہا کہ یہ دنیا کا پہلا لانگ مارچ تھا جو اپنی ہی حکومت کے خاتمے پر اختتام پذیر ہوا۔
مریم نواز نے مزید کہا کہ پنجاب کے دیہی علاقوں میں چوری کی وارداتوں میں 80 فیصد کمی آئی ہے، جبکہ گلیوں اور بازاروں کو محفوظ بنانے کے لیے اقدامات کیے گئے ہیں۔
انہوں نے کہا کہ صوبائی حکومت تعلیم کے فروغ، نوجوانوں کو جدید سفری سہولتیں فراہم کرنے اور میرٹ کی بالادستی یقینی بنانے کے لیے اقدامات جاری رکھے گی۔




