پاکستان
Trending

پنجاب میں کسانوں کے لیے بلاسود قرضوں کا نیا پروگرام، 10 لاکھ کاشتکار کسان کارڈ سے مستفید، مریم نواز

 

لاہور: وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز نے کہا ہے کہ زراعت ملکی معیشت کا اہم ستون ہے اور کسانوں کی خوشحالی کے بغیر صوبے کی ترقی ممکن نہیں۔ حکومت کاشتکاروں کو مالی معاونت، جدید زرعی سہولیات اور فصلوں کا مناسب معاوضہ دلانے کے لیے مختلف اقدامات کر رہی ہے۔

وزیراعلیٰ مریم نواز کے مطابق کسان کارڈ پروگرام کے تحت 10 لاکھ کسانوں کو رجسٹر کرکے کارڈ فراہم کیے جا چکے ہیں۔ حکومت کی کوشش ہے کہ کاشتکاروں کو بروقت مالی مدد ملے اور وہ اپنی فصلوں سے زیادہ سے زیادہ فائدہ حاصل کر سکیں۔

انہوں نے کہا کہ کسانوں کی سہولت کے لیے پنجاب میں ’’پنجاب کسان بینک‘‘ قائم کیا جا رہا ہے، جس کے ذریعے کاشتکاروں کو زیرو مارک اپ پر قرضے فراہم کیے جائیں گے۔ ان کا کہنا تھا کہ فصل کی کاشت سے پہلے کسانوں کو ڈیڑھ لاکھ روپے کی مالی معاونت بھی فراہم کی جاتی ہے۔

مریم نواز نے بتایا کہ زرعی شعبے میں جدید سہولیات کے فروغ کے لیے کسانوں کو سبسڈی پر ٹریکٹر فراہم کیے جا رہے ہیں، جبکہ کرائے پر زرعی مشینری حاصل کرنے کا پروگرام بھی جاری ہے۔ کسانوں کی رہنمائی کے لیے رواں سال ایک ہزار زرعی انٹرنز بھرتی کرنے کا منصوبہ بھی بنایا گیا ہے۔

وزیراعلیٰ نے دعویٰ کیا کہ حکومت کی کوششوں سے کھاد اور دیگر زرعی اشیا کی بلیک مارکیٹنگ پر قابو پایا گیا ہے۔ انہوں نے امید ظاہر کی کہ رواں سال گندم کی پیداوار بہتر رہے گی، جس سے زرعی مصنوعات کی ویلیو ایڈیشن اور ملکی معیشت کو فروغ دینے میں مدد ملے گی۔

مریم نواز نے مزید کہا کہ پنجاب حکومت لائیو اسٹاک کے شعبے کی بہتری کے لیے بھی اقدامات کر رہی ہے۔ ان کے مطابق کسانوں کو سہولیات کی فراہمی، زرعی پیداوار میں اضافہ اور کاشتکاروں کی معاشی حالت بہتر بنانا حکومت کی اہم ترجیحات ہیں۔

Related Articles

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے

Back to top button