نئی دہلی: چین کی معروف الیکٹرک گاڑیاں ساز کمپنی بی وائی ڈی (BYD) نے بھارت میں اپنا لگژری برانڈ ڈینزا (Denza) متعارف کرا کے مرسڈیز بینز اور ٹویوٹا کے لیے نیا مقابلہ کھڑا کر دیا ہے۔
خبر رساں ادارے رائٹرز کے مطابق کمپنی نے ممبئی میں دو الیکٹرک ماڈلز پیش کیے ہیں۔ ان میں سات نشستوں والی ڈینزا ڈی 9 اور چار دروازوں والی پرفارمنس گاڑی زیڈ 9 جی ٹی شامل ہیں۔
ڈینزا ڈی 9 کی قیمت 95 ہزار 600 ڈالر جبکہ زیڈ 9 جی ٹی کی قیمت ایک لاکھ 66 ہزار 600 ڈالر مقرر کی گئی ہے۔ ڈی 9 کا براہِ راست مقابلہ مرسڈیز وی کلاس اور ٹویوٹا ویلفائر سے ہوگا۔
بی وائی ڈی کا کہنا ہے کہ بھارت میں لگژری گاڑیوں کی بڑھتی ہوئی طلب نے اسے اس مارکیٹ میں توسیع کا موقع فراہم کیا ہے۔ کمپنی اس سے قبل یورپ میں بھی ڈینزا متعارف کرا چکی ہے۔
دوسری جانب ہنڈائی بھی 2027 میں اپنا لگژری برانڈ جینیسس بھارت میں متعارف کرانے کی تیاری کر رہی ہے۔
اس پیش رفت سے بھارت کی لگژری الیکٹرک گاڑیوں کی مارکیٹ میں چینی، جرمن، جاپانی اور جنوبی کوریائی کمپنیوں کے درمیان مقابلہ مزید شدت اختیار کر سکتا ہے۔




