سنگاپور: چین کو اینویڈیا کے جدید مصنوعی ذہانت کے چِپس تک رسائی سے روکنے کے لیے امریکہ جنوب مشرقی ایشیا میں بھی نگرانی سخت کرنے پر غور کر رہا ہے، جس سے سنگاپور، ملائیشیا، تھائی لینڈ اور انڈونیشیا کی ڈیٹا سینٹر صنعت متاثر ہونے کا خدشہ ہے۔
خبر رساں ادارے رائٹرز کے مطابق جینسن ہوانگ سے متعلق تنازع کے بعد امریکی قانون سازوں نے چین کو جدید اے آئی چِپس کی کمپیوٹنگ صلاحیت تک رسائی سے روکنے کے لیے مزید پابندیوں کی حمایت شروع کر دی ہے۔
امریکی حکام کو خدشہ ہے کہ چینی کمپنیاں جنوب مشرقی ایشیا میں قائم ڈیٹا سینٹرز سے اینویڈیا کے جدید پروسیسرز کی کمپیوٹنگ طاقت کرائے پر حاصل کرکے امریکی برآمدی پابندیوں سے بچ رہی ہیں۔
رپورٹ کے مطابق تنازع میں سامنے آنے والی چینی کاروباری خاتون ایلس ہوانگ سنگاپور کی کمپنی میگاسپیڈ سے وابستہ رہ چکی ہیں۔ کمپنی کو سرورز کی خریداری سے متعلق تحقیقات کا سامنا ہے، تاہم جاسوسی کے الزامات کی آزادانہ تصدیق نہیں ہوئی۔
دوسری جانب ملائیشیا حکومت ڈیٹا سینٹرز میں استعمال ہونے والے طاقتور چِپس کی نگرانی اور ان کی غیر قانونی دوبارہ برآمد روکنے کے لیے نئے قانون پر غور کر رہی ہے۔
ماہرین کے مطابق امریکی پابندیوں میں مزید سختی سے جنوب مشرقی ایشیا میں ڈیٹا سینٹرز کی اربوں ڈالر کی سرمایہ کاری اور مصنوعی ذہانت کی صنعت متاثر ہو سکتی ہے۔




