دبئی: مصنوعی ذہانت کے ذریعے تعلیم و تربیت کا منفرد نظام متعارف کرانے کی تیاری، دبئی کی کروسیفر اکیڈمی نے ایسا ماڈل پیش کیا ہے جس میں طلبہ کو اگلے مرحلے میں جانے سے پہلے اپنا علم سکھانے، عملی طور پر استعمال کرنے اور اس کی وضاحت کرنے کی صلاحیت ثابت کرنا ہوگی۔
رپورٹ کے مطابق کروسیفر اے آئی ٹیکنالوجیز کا تیار کردہ یہ نظام ’’نالج گارنٹی‘‘ کہلاتا ہے، جس میں روایتی امتحانات کے ساتھ مصنوعی ذہانت کو بھی تعلیمی جانچ کا حصہ بنایا گیا ہے۔
اس نظام میں ’’اے آئی کڈ‘‘ نامی ڈیجیٹل کردار طلبہ سے ہر ماڈیول کے بعد سبق حاصل کرے گا۔ طالب علم اسے اپنا سیکھا ہوا مواد سمجھائے گا، جبکہ اے آئی کڈ مختلف سوالات کرکے مزید وضاحت طلب کرے گا۔ اس کے بعد ڈیجیٹل کردار امتحان دے گا اور اس کی کامیابی کا انحصار طالب علم کی فراہم کردہ معلومات پر ہوگا۔
کروسیفر اے آئی ٹیکنالوجیز کے بانی کرسٹوفر رچرڈز کے مطابق اس نظام کا مقصد محض کورس مکمل کرنے والے افراد کے بجائے ایسے ہنرمند تیار کرنا ہے جو اپنے علم کو سمجھنے، عملی طور پر استعمال کرنے اور اپنے فیصلوں کی وضاحت کرنے کی صلاحیت رکھتے ہوں۔
اکیڈمی کے پروگرام کا بنیادی دورانیہ چھ ماہ ہے، تاہم طلبہ کی رفتار اور ضرورت کے مطابق اسے نو یا بارہ ماہ تک بڑھایا جاسکتا ہے۔ اضافی وقت کے دوران تدریس اور رہنمائی کے لیے مزید فیس بھی وصول نہیں کی جائے گی۔
داخلے کے لیے انگریزی زبان پر عبور ضروری ہوگا، تاہم کسی ڈگری، کوڈنگ کے تجربے یا مصنوعی ذہانت سے متعلق سابقہ معلومات کی شرط نہیں رکھی گئی۔ امیدواروں کی سیکھنے کی صلاحیت، توجہ اور یادداشت جانچنے کے لیے خصوصی داخلہ امتحان لیا جائے گا۔
عملی تربیت کے دوران طلبہ پہلے اے آئی کی مدد کے بغیر کسی کاروباری مسئلے کا حل تیار کریں گے، اس کے بعد مصنوعی ذہانت کے ٹولز استعمال کرتے ہوئے اپنے منصوبے پر کام کریں گے اور آخر میں اپنے نتائج اور فیصلوں کی وضاحت کریں گے۔
اکیڈمی صنعت سے وابستہ ماہرین کے ساتھ بھی رابطے میں رہے گی تاکہ نصاب کو مارکیٹ اور ملازمتوں کی ضروریات کے مطابق بنایا جاسکے۔ اس مقصد کے لیے ہر تین ماہ بعد صنعتی ماہرین سے تجاویز حاصل کرنے کا منصوبہ بھی شامل ہے۔
کروسیفر اکیڈمی کے مطابق اس تعلیمی ماڈل کا بنیادی اصول یہ ہے کہ طالب علم کی کامیابی کا فیصلہ کورس مکمل کرنے کے وقت سے نہیں بلکہ اس کی حقیقی قابلیت اور عملی مہارت سے کیا جائے۔ یہ پروگرام تاحال تیاری کے مراحل میں ہے اور اس کے پہلے بیچ کا آغاز ہونا باقی ہے۔




