ٹیکنالوجی
Trending

اینتھروپک کا نیا فیچر متعارف، کلاؤڈ اب صرف مشورے نہیں دے گا بلکہ دفتری کام بھی انجام دے گا

نیویارک: مصنوعی ذہانت کی کمپنی اینتھروپک نے اپنے اے آئی اسسٹنٹ کلاؤڈ کے لیے نیا فیچر ’’ کلائوڈ میٹنگز‘‘ متعارف کرا دیا، جس کے ذریعے اب اے آئی ویڈیو اجلاسوں میں براہ راست شرکت کرکے گفتگو کے دوران ہی منصوبے تیار کرنے اور دفتری امور انجام دینے میں مدد فراہم کرے گا۔

رپورٹ کے مطابق اس نئے فیچر کے تحت ٹیمیں کلاؤڈ کو گوگل میٹ کے اجلاس میں بطور شریک مدعو کرسکیں گی۔ اجلاس کے دوران اے آئی اسسٹنٹ گفتگو کی بنیاد پر منصوبے مرتب کرنے، کاموں کی تقسیم، ٹائم لائنز بنانے اور ڈیڈ لائنز مقرر کرنے کی صلاحیت رکھتا ہے۔

نئے فیچر کی خاص بات یہ ہے کہ کلاؤڈ صرف اجلاس ختم ہونے کے بعد گفتگو کا خلاصہ تیار نہیں کرے گا بلکہ میٹنگ کے دوران ہی عملی کاموں پر پیش رفت کرسکے گا۔ یہ منسلک دفتری ایپلی کیشنز سے ضروری دستاویزات اور کاروباری معلومات بھی حاصل کرسکتا ہے۔

اینتھروپک کے مطابق’’ کلائوڈ میٹنگز‘‘ ابتدائی طور پر گوگل میٹ استعمال کرنے والے ٹیم اور انٹرپرائز صارفین کے لیے بیٹا ورژن میں دستیاب ہے۔ کمپنی نے واضح کیا ہے کہ کلاؤڈ اجلاس میں شامل ہوتے وقت اپنی شناخت ظاہر کرے گا، جبکہ بیرونی شرکاء کی موجودگی میں منتظم کی اجازت کے بغیر میٹنگ میں شامل نہیں ہوگا۔

کمپنی نے اس کے ساتھ Claude Whiteboards اور Claude Sheets بھی متعارف کرائے ہیں۔ وائٹ بورڈز کے ذریعے صارفین خیالات کو منظم منصوبوں اور ٹائم لائنز میں تبدیل کرسکیں گے، جبکہ شیٹس کی مدد سے فارمولوں، چارٹس اور مختلف ٹیبز پر مشتمل اسپریڈ شیٹس تیار اور ان میں ترمیم کرسکیں گے۔

اینتھروپک نے Claude Data کی دستیابی بھی وسیع کردی ہے، جس کے ذریعے کاروباری ادارے اپنے منسلک سسٹمز کے ڈیٹا کا تجزیہ کرکے رپورٹس اور ڈیش بورڈز تیار کرسکیں گے۔

اے آئی ٹیکنالوجی میں یہ پیش رفت دفتری اور کاروباری سرگرمیوں کو خودکار بنانے کی جانب اہم قدم ہے، جہاں اینتھروپک اور اوپن اے آئی جیسی کمپنیاں مصنوعی ذہانت کے عملی استعمال کو مزید وسعت دے رہی ہیں۔

Related Articles

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے

Back to top button