ٹیکنالوجی
Trending

الیکٹرک گاڑیوں کی دنیا میں نیا عالمی ریکارڈ، بی وائی ڈی کی سپر کار 503 کلومیٹر فی گھنٹہ کی رفتار سے دوڑ پڑی

بیجنگ: چین کی آٹو موبائل کمپنی بی وائی ڈی (BYD) کی تیار کردہ الیکٹرک سپر کار ’’یانگ وانگ یو 9 ایکسٹریم‘‘ نے رفتار کا نیا عالمی ریکارڈ قائم کردیا، گاڑی نے 503.17 کلومیٹر فی گھنٹہ کی رفتار حاصل کرکے دنیا کی تیز ترین پروڈکشن کار کا اعزاز حاصل کرلیا۔

رپورٹ کے مطابق جرمن ریسنگ ڈرائیور مارک باسنگ نے گزشتہ ہفتے ابوظہبی میں 10 کلومیٹر طویل ٹریک پر گاڑی کی آزمائشی ڈرائیونگ کی، جہاں سپر کار نے 312.65 میل فی گھنٹہ کی رفتار حاصل کی اور 500 کلومیٹر فی گھنٹہ کی حد عبور کرنے والی پہلی پروڈکشن کار بن گئی۔

یانگ وانگ یو 9 ایکسٹریم چار الیکٹرک موٹرز سے لیس ہے، جو مجموعی طور پر 2 ہزار 978 ہارس پاور پیدا کرتی ہیں۔ گاڑی میں جدید 1200 وولٹ الیکٹریکل آرکیٹیکچر استعمال کیا گیا ہے، جبکہ اس کی موٹرز 30 ہزار آر پی ایم تک گھومنے کی صلاحیت رکھتی ہیں۔

بی وائی ڈی اس خصوصی ماڈل کے صرف 30 یونٹس تیار کرنے کا منصوبہ رکھتی ہے، جبکہ ایک گاڑی کی قیمت تقریباً 30 لاکھ ڈالر مقرر کی گئی ہے۔

یہ سپر کار گزشتہ برس جرمنی کے اے ٹی پی پاپنبرگ ٹیسٹ ٹریک پر بھی 496.21 کلومیٹر فی گھنٹہ کی رفتار حاصل کرچکی ہے، جہاں اس نے بگاٹی شیرون سپر اسپورٹ کا سابقہ ریکارڈ توڑا تھا۔

تاہم حالیہ ریکارڈ ایک سمت میں حاصل کی گئی زیادہ سے زیادہ رفتار پر مبنی ہے۔ دو طرفہ اوسط رفتار کا عالمی ریکارڈ تاحال ایس ایس سی ٹواٹارا کے پاس ہے، جس نے جنوری 2021 میں 282.9 میل فی گھنٹہ کی رفتار حاصل کی تھی۔

آٹو موبائل ماہرین کے مطابق یہ کامیابی الیکٹرک گاڑیوں کی ٹیکنالوجی میں ایک بڑی پیش رفت ہے، تاہم انتہائی تیز رفتار گاڑیوں کے ریکارڈز کی عملی افادیت اور عام سڑکوں پر استعمال کے حوالے سے بحث بھی جاری ہے۔

Related Articles

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے

Back to top button