اسلام آباد: وزیراعظم شہباز شریف نے عالمی سرمایہ کاروں کو پاکستان کے معدنیاتی شعبے میں سرمایہ کاری کی دعوت دیتے ہوئے کہا ہے کہ پاکستان اب خام معدنیات برآمد کرنے کے بجائے ملک میں ان کی پراسیسنگ اور صنعتی پیداوار کو فروغ دے گا، تاکہ معدنی وسائل ملکی صنعتوں اور معیشت کی ترقی کے لیے استعمال ہوسکیں۔
پاکستان منرل انویسٹمنٹ فورم 2026 سے خطاب کرتے ہوئے وزیراعظم نے کہا کہ پاکستان کی معیشت نئے اعتماد کے ساتھ ترقی کی جانب گامزن ہے۔ ریکوڈک منصوبہ دنیا میں تانبے اور سونے کے بڑے غیر استعمال شدہ ذخائر میں شامل ہے اور دو دہائیوں سے تعطل کا شکار یہ منصوبہ اب آپریشنل مرحلے کی جانب بڑھ رہا ہے۔ انہوں نے بیرک کمپنی کا پاکستان پر اعتماد برقرار رکھنے پر شکریہ ادا کیا۔
شہباز شریف نے کہا کہ حکومت معدنیاتی شعبے میں سرمایہ کاروں کو یکساں مواقع، پالیسیوں میں تسلسل اور مکمل شفافیت فراہم کرے گی۔ نیشنل منرل ڈیٹا سینٹر اور ارضیاتی ریکارڈ کی ڈیجیٹلائزیشن سے سرمایہ کاروں کو مستند معلومات دستیاب ہوں گی۔
وزیراعظم نے کہا کہ معدنیاتی منصوبوں کی کامیابی کے لیے سرمایہ کاروں اور مقامی آبادی کا تحفظ ضروری ہے۔ حکومت بجلی، پانی اور مواصلات سمیت بنیادی سہولیات کی فراہمی یقینی بنائے گی اور سرمایہ کاری سے متعلق رکی ہوئی فائلوں کو تیزی سے آگے بڑھایا جائے گا۔
انہوں نے عالمی سرمایہ کاروں پر زور دیا کہ پاکستان میں فنی تربیتی مراکز قائم کریں تاکہ نوجوانوں کو روزگار اور جدید ہنر کے مواقع مل سکیں۔ وزیراعظم نے کہا کہ معدنیاتی سرمایہ کاری کے ثمرات مقامی آبادی تک پہنچنے چاہئیں اور معدنی وسائل سے مالا مال علاقوں میں تعلیم، صحت اور بہتر معیار زندگی کی سہولیات فراہم کی جائیں۔
شہباز شریف نے عالمی سرمایہ کاروں کو پاکستان میں سرمایہ کاری کی دعوت دیتے ہوئے کہا کہ حکومت معدنیاتی شعبے کی ترقی اور سرمایہ کاروں کے مسائل کے فوری حل کے لیے تمام ضروری تعاون فراہم کرے گی۔




