اسلام آباد:چیف آف ڈیفنس فورسز فیلڈ مارشل سید عاصم منیر نے کہا ہے کہ پاکستان کی معدنی دولت کو قومی ترقی اور معاشی خوشحالی میں تبدیل کرنا ہمارا مشترکہ ہدف ہے، معدنی وسائل سے مالا مال علاقوں کے عوام کو ان کی ترقی کے ثمرات ملنا ضروری ہیں۔
پاکستان منرلز انویسٹمنٹ فورم 2026 کے شرکاء سے خطاب کرتے ہوئے فیلڈ مارشل سید عاصم منیر نے کہا کہ پاکستان کو طویل مدتی معدنی سرمایہ کاری کے لیے ایک مسابقتی اور پرکشش ملک بنانے کے لیے پرعزم ہیں۔ کان کنی کے شعبے سے وابستہ تمام سرگرمیوں اور افراد کا تحفظ یقینی بنانے کے لیے ہر ممکن اقدامات کیے جائیں گے۔
انہوں نے کہا کہ کانوں، کان کنوں، سرمایہ کاروں، صنعتوں اور ترقیاتی منصوبوں کو محفوظ بنانا حکومت کی ترجیحات میں شامل ہے۔ معدنی شعبے میں ترقی کا حقیقی فائدہ اسی وقت ہوگا جب مقامی آبادیوں کی زندگیوں میں واضح اور مثبت تبدیلی آئے گی۔
فیلڈ مارشل نے کہا کہ پاکستان محض خام معدنیات برآمد کرنے کے بجائے ریفائننگ، پروسیسنگ اور مینوفیکچرنگ کے ذریعے مکمل صنعتی ویلیو چین قائم کرنا چاہتا ہے۔ اس مقصد کے لیے ایسی طویل مدتی شراکت داریوں کو فروغ دیا جائے گا جو ملک اور بین الاقوامی سرمایہ کاروں کے لیے پائیدار معاشی فوائد پیدا کریں۔
فیلڈ مارشل سید عاصم منیر کا کہنا تھا کہ پاکستانی قوم محنت، بہادری اور عزم کی بھرپور صلاحیت رکھتی ہے۔ قدرتی وسائل مواقع فراہم کرتے ہیں، تاہم ان مواقع کو حقیقی کامیابی میں تبدیل کرنے کا اصل ذریعہ عوام کی صلاحیت اور محنت ہے۔
انہوں نے زور دیا کہ اب پاکستان کو معدنی شعبے میں موجود صلاحیت کو پیداوار میں بدلنا، وعدوں کو عملی اقدامات میں تبدیل کرنا اور خام معدنیات کی برآمد سے آگے بڑھ کر ویلیو ایڈڈ مصنوعات کی تیاری پر توجہ دینا ہوگی۔
خطاب کے اختتام پر فیلڈ مارشل سید عاصم منیر نے پاکستان ہمیشہ زندہ باد کا نعرہ بلند کیا۔




