اسلام آباد: وزیراعظم شہباز شریف نے صنعتی شعبے کی اہم کاروباری شخصیات سے ملاقات کی جس میں ملکی معیشت کے استحکام، صنعت کی ترقی، برآمدات میں اضافے اور درپیش چیلنجز پر تفصیلی مشاورت کی گئی۔
ملاقات میں وزیراعظم نے کہا کہ ملکی معیشت کی مضبوطی کے لیے حکومتی معاشی ٹیم کی کاوشیں جاری ہیں اور معیشت، برآمدات اور بیرونی سرمایہ کاری میں اضافہ حکومت کی اولین ترجیحات میں شامل ہے۔ انہوں نے کاروباری برادری کی تجاویز کو ملکی ترقی کے لیے نہایت اہم قرار دیا اور ہر شعبے سے متعلق نجی کاروباری نمائندوں اور ماہرین سے مشاورت کو وسعت دینے پر زور دیا۔
شہباز شریف نے کہا کہ مقامی وسائل کو مؤثر طریقے سے استعمال کرتے ہوئے ملک کو خودکفیل بنانے کے لیے اقدامات کیے جا رہے ہیں۔ انہوں نے عوام دوست بجٹ کو کاروباری ماحول میں سہولت فراہم کرنے کی جانب مثبت قدم قرار دیا۔
کاروباری شخصیات نے بھی سرمایہ کاروں اور برآمد کنندگان کو مزید سہولیات فراہم کرنے کی ضرورت پر زور دیا اور بندرگاہوں پر اشیا کی کلیئرنس کے عمل میں شفافیت اور تیز رفتاری کی تعریف کی۔




