پاکستان

وزیراعلیٰ پنجاب کی زیرصدارت اجلاس: پنجاب کی یونیورسٹیوں کو ماڈل تعلیمی ادارے بنانے اور معیار تعلیم بہتر بنانے کے اقدامات

لاہور: وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز شریف کی زیرصدارت ہائر ایجوکیشن ڈیپارٹمنٹ کا خصوصی اجلاس منعقد ہوا، جس میں پنجاب کی یونیورسٹیوں اور کالجز کے معیار تعلیم کو بہتر بنانے کے لئے اہم فیصلے کیے گئے۔

اجلاس میں جی سی یونیورسٹی، گورنمنٹ کالج برائے خواتین یونیورسٹی اور یونیورسٹی آف انجینئرنگ اینڈ ٹیکنالوجی کو ماڈل تعلیمی ادارے بنانے کی منظوری دی گئی۔ اس کے علاوہ برطانیہ، کوریا اور قازقستان کی متعدد یونیورسٹیوں نے پنجاب میں کیمپس کھولنے میں دلچسپی ظاہر کی ہے جن میں یونیورسٹی آف لندن، برونل، گلو سٹرشر اور لیکسٹر شامل ہیں۔

پنجاب کے سرکاری کالجز میں کالج مینجمنٹ کونسلز کے قیام پر اتفاق کیا گیا جبکہ یونیورسٹیوں میں معیار تعلیم بلند کرنے کے لیے ‘کے پی آئی’ سسٹم نافذ کیا جائے گا جس کے تحت وائس چانسلرز کی کارکردگی کا باقاعدہ جائزہ لیا جائے گا۔

وزیراعلیٰ نے کم کارکردگی والے کالجز کی رپورٹ طلب کرتے ہوئے ایجوکیشن ویجی لینس سکواڈ کے قیام کی بھی منظوری دی جو تعلیمی اداروں میں اچانک معائنہ کرے گا اور معیار تعلیم، صفائی اور دیگر امور کی نگرانی کرے گا۔

اجلاس میں یونیورسٹیوں کی کارکردگی کو رنگوں کی بنیاد پر درجہ بندی کرنے کی تجویز پر بھی غور کیا گیا۔ سی ایم پنجاب ہونہار سکالرشپ اور لیپ ٹاپ اسکیم کے حوالے سے بریفنگ دی گئی، جس میں بتایا گیا کہ ملک کے مختلف صوبوں سے 19 ہزار سے زائد طلبہ نے درخواستیں جمع کروائی ہیں۔

ہائر ایجوکیشن کے سٹریٹجک پلان 2025 سے 2029 کا جائزہ لیا گیا جس میں تدریسی معیار، تحقیق، انسانی وسائل کی ترقی، ڈیجیٹل ٹرانسفارمیشن اور عالمی رابطوں کو ترجیح دی گئی۔ پنجاب میں پہلی ہائر ایجوکیشن کانفرنس کے انعقاد کی بھی اصولی منظوری دی گئی۔

اس کے علاوہ، وزیراعلیٰ نے پنجاب کے غیر فعال کامرس کالجز سے متعلق تفصیلی رپورٹ بھی طلب کر لی

Related Articles

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے

Back to top button