پاکستان

اپوزیشن اراکین کو نان ممبرز کی دھمکیاں ناقابل برداشت، قائم مقام اسپیکر پنجاب اسمبلی

پنجاب اسمبلی کے قائم مقام اسپیکر ظہیر اقبال چنڑ نے کہا ہے کہ ایوان میں بدتمیزی اور اپوزیشن اراکین کو دھمکیاں دینے کے واقعات ناقابل برداشت ہیں، اس سلسلے میں ذمہ داروں کے خلاف آئین اور قواعد کے مطابق کارروائی عمل میں لائی جائے گی۔

میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے قائم مقام اسپیکر نے کہا کہ حکومتی و اپوزیشن ارکان کی باہمی مشاورت سے ایوان میں نظم و ضبط قائم رکھنے پر اتفاق ہوا تھا، اور باقاعدہ وعدہ کیا گیا تھا کہ ایوان میں کسی قسم کی بدتمیزی نہیں کی جائے گی۔ تاہم اسپیکر کی رولنگ کے باوجود ایک ناخوشگوار واقعہ پیش آیا، جو انتہائی افسوسناک ہے۔ ظہیر اقبال چنڑ نے کہا کہ ایک رکن اسمبلی کی جانب سے دوسرے رکن پر حملہ ایوان کے تقدس کے خلاف ہے۔ ان کا کہنا تھا کہ ایوان کو "مچھلی منڈی” میں تبدیل کرنے کی کسی صورت اجازت نہیں دی جا سکتی۔ انہوں نے مزید کہا کہ متعلقہ رکن کی معطلی آئین اور اسمبلی کے قواعد کے مطابق کی گئی، تاکہ مستقبل میں ایسے واقعات کی روک تھام کی جا سکے۔ قائم مقام اسپیکر نے انکشاف کیا کہ سوشل میڈیا پر وائرل ہونے والی ویڈیوز کی مدد سے ایوان میں ہلڑ بازی کرنے والوں کی شناخت ہو چکی ہے، اور ان کے خلاف سخت کارروائی عمل میں لائی جائے گی۔ اپنے بیان میں انہوں نے ایوان کے باہر اپوزیشن ارکان کو نان ممبرز کی جانب سے دی جانے والی دھمکیوں پر بھی سخت ردعمل دیتے ہوئے کہا کہ اسمبلی کی لڑائی میں باہر کے افراد کی مداخلت ناقابل برداشت ہے۔ اس رویے کی مکمل انکوائری کا حکم دے دیا گیا ہے، اور اسمبلی سیکریٹریٹ کو ذمہ دار عناصر کے خلاف فوری تحقیقات کا کہا گیا ہے۔ ظہیر اقبال چنڑ نے زور دیا کہ ایوان میں نظم و ضبط قائم رکھنا تمام ارکان کی مشترکہ ذمہ داری ہے، اور اسپیکر کی رولنگ کی خلاف ورزی کسی صورت برداشت نہیں کی جائے گی۔

Related Articles

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے

Back to top button