پاکستان

پنجاب اسمبلی میں اپوزیشن رکن پر حملہ، ڈپٹی اپوزیشن لیڈر کا ڈپٹی اسپیکر کو خط

پنجاب اسمبلی میں اپوزیشن رکن پر مبینہ حملے کا معاملہ شدت اختیار کر گیا۔ ڈپٹی اپوزیشن لیڈر معین قریشی نے ڈپٹی اسپیکر کو خط لکھ کر واقعے کی شدید مذمت کرتے ہوئے ذمہ داروں کے خلاف فوری کارروائی کا مطالبہ کیا ہے۔

خط کے متن کے مطابق معین قریشی نے مؤقف اختیار کیا ہے کہ اپوزیشن رکن خالد نثار پر ایوان کے اندر حکومتی اراکین کی جانب سے حملہ کیا گیا، جس میں مبینہ طور پر پرائیویٹ افراد کو بھی استعمال کیا گیا۔ ان کا کہنا تھا کہ باہر سے غنڈوں کو اسمبلی میں داخل کر کے اپوزیشن ارکان کو نشانہ بنایا گیا، جو ایوان کے تقدس کی صریح خلاف ورزی ہے۔

خط میں مزید کہا گیا ہے کہ میاں اعجاز شفیع، سردار محمد علی اور اسامہ گجر سمیت کئی میڈیا نمائندگان اس واقعے کے عینی شاہد ہیں۔ واقعے کے حوالے سے حکومتی رکن حسان ریاض کو معطل کرنے اور حملے میں ملوث پرائیویٹ افراد کے خلاف مقدمہ درج کرنے کا مطالبہ کیا گیا ہے۔

ڈپٹی اپوزیشن لیڈر نے اسمبلی میں سیکیورٹی کی سنگین کوتاہی کی نشاندہی کرتے ہوئے غیر متعلقہ افراد کے داخلے پر تشویش کا اظہار کیا اور اسمبلی کے چیف سیکیورٹی آفیسر کو فوری طور پر معطل کرنے کا مطالبہ بھی کیا ہے۔

معاملے پر تاحال حکومتی ردعمل سامنے نہیں آیا، تاہم اسمبلی میں کشیدہ ماحول کے باعث آئندہ اجلاس میں اس معاملے پر گرما گرم بحث متوقع ہے۔

Related Articles

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے

Back to top button