پاکستان

ماڈل ٹاؤن پارٹی سیکرٹریٹ میں مسلم لیگ (ن) پنجاب کا اہم تنظیمی اجلاس

 

لاہور : مسلم لیگ (ن) پنجاب کا ایک اہم تنظیمی اجلاس ماڈل ٹاؤن پارٹی سیکرٹریٹ میں منعقد ہوا جس کی صدارت صدر پنجاب رانا ثنا اللہ نے کی۔ اجلاس میں پنجاب کے تمام ڈویژنل کوآرڈینیٹرز اور تنظیمی عہدیداروں نے شرکت کی۔

اجلاس میں ضمنی انتخابات اور متوقع بلدیاتی انتخابات سے متعلق مشاورت کی گئی اور پارٹی کے تنظیمی عہدیداروں سے قیمتی رائے لی گئی۔ رانا ثنا اللہ نے کہا کہ پنجاب کی حکومت اور وفاقی حکومت پر تنظیمی عہدیدار مکمل اعتماد اور اطمینان کا اظہار کرتے ہیں۔

رانا ثنا اللہ نے وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز کی کارکردگی کو سراہتے ہوئے کہا کہ مریم نواز کی محنت سے نہ صرف پنجاب بلکہ دیگر صوبے بھی ان کی کارکردگی کے معترف ہیں۔ انہوں نے کہا کہ پنجاب حکومت کے تمام اقدامات اور فلاحی پروگرام عام آدمی کی فلاح و بہبود کے لیے ہیں، جس کی وجہ سے پارٹی کی مقبولیت میں اضافہ ہو رہا ہے۔

رانا ثنا اللہ نے وفاقی حکومت کی کامیابیوں کا بھی ذکر کرتے ہوئے کہا کہ وزیراعظم شہباز شریف ملکی وقار کو بحال کرنے کے لیے دن رات محنت کر رہے ہیں اور حکومت کی خارجہ پالیسی نے پاکستان کو عالمی سطح پر کامیابیوں سے ہمکنار کیا ہے۔ انہوں نے کہا کہ پاکستان نے بھارت کے خلاف اللہ کی مدد سے تاریخی فتح حاصل کی ہے جس کی گونج پوری دنیا میں سنائی دے رہی ہے۔

انہوں نے مزید کہا کہ میاں نواز شریف کی قیادت میں مسلم لیگ (ن) ایک بار پھر ملک کو بحرانوں سے نکال رہی ہے اور وفاق و پنجاب کی حکومتیں عوام کی خدمت کے لیے لگن اور محنت سے کام کر رہی ہیں۔

اجلاس میں پنجاب کے ضمنی انتخابات اور بلدیاتی انتخابات کی تیاریوں پر بھی تفصیلی تبادلہ خیال کیا گیا۔ صدر پنجاب رانا ثنا اللہ نے ضلعی عہدیداروں کو ہدایت کی کہ وہ ضمنی اور بلدیاتی انتخابات کی مکمل تیاری کریں اور جلد پارٹی قیادت سے مشاورت کے بعد موزوں امیدواروں کا اعلان کیا جائے گا۔

 

Related Articles

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے

Back to top button