لاہور : لاہور پولیس نے ماہ اگست میں منشیات فروشی میں ملوث 360 ملزمان کو گرفتار کر کے 353 مقدمات درج کر لیے ہیں۔ ترجمان لاہور پولیس کے مطابق رواں سال اب تک منشیات فروشوں کے خلاف کارروائیوں میں 7,655 ملزمان گرفتار اور 7,496 مقدمات درج کیے جا چکے ہیں۔
کارروائیوں کے دوران ملزمان کے قبضہ سے 3,755 کلو چرس، 669 کلو آئس، 341 کلو ہیروئین، 263 کلو افیون اور 45,485 لیٹر شراب بھی برآمد کی گئی ہے۔
سی سی پی او بلال صدیق کمیانہ نے منشیات فروشوں اور اسمگلروں کے خلاف کارروائیاں جاری رکھنے اور آئس و ہیروئین سمیت ماڈرن منشیات کے خاتمے کے لیے منظم اقدامات کرنے کا حکم دیا ہے۔
انہوں نے نوجوان نسل کو نشے کی لعنت سے بچانے کے لیے منشیات کی سپلائی چین میں ملوث ملزمان کو منطقی انجام تک پہنچانے پر زور دیا۔ سی سی پی او نے والدین، اساتذہ اور سول سوسائٹی سے بھی منشیات سے پاک معاشرے کے لیے اپنا کردار ادا کرنے کی اپیل کی ہے۔




