اسلام آباد: عالمی کریڈٹ ریٹنگ ایجنسی موڈیز کی جانب سے پاکستان کی مالی درجہ بندی میں بہتری کو وزیراعظم شہباز شریف نے خوش آئند قرار دیتے ہوئے معاشی ٹیم کی کوششوں کو سراہا ہے۔
سرکاری خبر رساں ادارے اے پی پی کے مطابق، وزیراعظم آفس سے جاری اعلامیے میں کہا گیا ہے کہ موڈیز کی جانب سے پاکستان کی کریڈٹ ریٹنگ کو Caa2 سے بڑھا کر Caa1 کر دینا اس امر کا ثبوت ہے کہ حکومت کی اقتصادی پالیسیوں کی سمت درست ہے۔
وزیراعظم نے اپنے بیان میں کہا:
"یہ بہتری ہماری معاشی ٹیم کی دن رات کی محنت کا نتیجہ ہے۔ ہم معیشت کو مزید مستحکم بنانے اور عوامی فلاح کو یقینی بنانے کے لیے اپنی کوششیں جاری رکھیں گے۔”
بین الاقوامی خبر رساں ادارے رائٹرز کے مطابق، موڈیز نے پاکستان کی کریڈٹ ریٹنگ میں بہتری کی بنیادی وجہ اسلام آباد کی بہتر ہوتی ہوئی بیرونی مالی پوزیشن کو قرار دیا ہے۔ اس کے ساتھ ساتھ ادارے نے ملک کی درجہ بندی کو "مستحکم آؤٹ لک” کے ساتھ برقرار رکھا ہے، جو آئندہ مہینوں میں مزید تنزلی کے خطرات کو کم ظاہر کرتا ہے۔




