پاکستان
Trending

خیبرپختونخوا میں طوفانی بارشوں اور سیلاب سے ہلاکتیں 325 تک پہنچ گئیں

 

خیبرپختونخوا میں طوفانی بارشوں اور بادل پھٹنے کے باعث شدید سیلابی صورتحال پیدا ہوگئی ہے، جس کے نتیجے میں گزشتہ 48 گھنٹوں میں اموات کی تعداد 325 تک جا پہنچی ہے۔

صوبائی ڈیزاسٹر مینجمنٹ اتھارٹی (پی ڈی ایم اے) نے بتایا ہے کہ  سب سے زیادہ اموات ضلع بونیر میں ہوئی ہیں جہاں 184 افراد ہلاک ہوئے، جب کہ شانگلہ میں 36، مانسہرہ میں 23، سوات میں 22، باجوڑ میں 21، بٹگرام میں 15 اور دیر میں 5 افراد جان کی بازی ہار چکے ہیں۔

پی ڈی ایم اے نے بتایا کہ سیلاب اور بارشوں کی وجہ سے مجموعی طور پر 74 مکانات کو نقصان پہنچا ہے جن میں 11 مکانات مکمل طور پر تباہ اور 63 کو جزوی نقصان ہوا ہے۔ اس کے علاوہ 23 افراد زخمی ہوئے ہیں جن میں 17 مرد، 4 خواتین اور 2 بچے شامل ہیں۔

وزیراعلیٰ خیبرپختونخوا علی امین گنڈاپور نے متاثرہ اضلاع کے لیے فوری امدادی فنڈز جاری کر دیے ہیں اور تمام متعلقہ اداروں کو ہدایت کی ہے کہ وہ امدادی سرگرمیاں تیز کریں۔ امدادی ٹیمیں اور ضلعی انتظامیہ متاثرہ علاقوں میں مکمل تعاون کے ساتھ کام کر رہی ہیں۔

ڈپٹی کمشنر بونیر کاشف قیوم نے بتایا کہ اب تک 185 لاشیں نکالی جا چکی ہیں جبکہ چغرزئی کے علاقے میں 30 افراد لاپتا ہیں جن کی تلاش جاری ہے۔ موسمی ماہرین کے مطابق بارشوں کا سلسلہ 21 اگست تک وقفے وقفے سے جاری رہنے کا امکان ہے۔

پی ڈی ایم اے نے عوام سے اپیل کی ہے کہ وہ موسمی صورتحال سے آگاہ رہیں اور کسی بھی ہنگامی صورتحال کی اطلاع فوری طور پر ہیلپ لائن نمبر 1700 پر دیں۔

Related Articles

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے

Back to top button