پاکستان
Trending

عمران خان کی ہدایت حتمی ہے، اگر انتخاب میں نہ لڑنے کا کہا تو عمل ہوگا، بیرسٹر گوہر

 

راولپنڈی: پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) کے چیئرمین بیرسٹر گوہر نے کہا ہے کہ اگر بانی پارٹی عمران خان نے ضمنی انتخابات میں حصہ نہ لینے کی ہدایت دی تو اس پر مکمل عمل کیا جائے گا، کیونکہ ان کی ہدایت ہی پارٹی کے لیے حتمی ہے۔

اڈیالہ جیل کے باہر میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے بیرسٹر گوہر نے کہا کہ وہ عمران خان سے ملاقات کے لیے آئے تھے، مگر پولیس نے ملاقات سے روک دیا۔ ان کا کہنا تھا کہ یہ رویہ نامناسب ہے، اور وہ ہمیشہ بات چیت اور مفاہمت کے حق میں رہے ہیں۔

انہوں نے واضح کیا کہ عمران خان نے تمام رہنماؤں کو پابند کیا ہے کہ کوئی بھی عوامی سطح پر استعفے یا پارٹی معاملات پر بات نہ کرے۔ ان کے مطابق پارٹی کے اندر سے باتیں باہر آنا نقصان دہ ہے اور اس سے یہ تاثر جاتا ہے کہ اختلافات موجود ہیں۔

بیرسٹر گوہر نے سلمان اکرم راجا کے استعفے کے حوالے سے کہا کہ انہیں اس بارے میں صرف سننے میں آیا، کوئی تحریری تصدیق موجود نہیں۔ اگر استعفیٰ دیا گیا ہے تو اس پر حتمی فیصلہ عمران خان ہی کریں گے۔

انہوں نے مزید کہا کہ ضمنی انتخابات پر پارٹی کی حتمی رائے عمران خان سے ملاقات کے بعد سامنے آئے گی، اور اگر بانی نے حصہ نہ لینے کا کہا تو ہم 100 فیصد ان کی بات مانیں گے۔

ایک سوال کے جواب میں انہوں نے کہا کہ قومی اسمبلی میں اپوزیشن لیڈر کا فیصلہ بھی عمران خان ہی کریں گے۔

بیرسٹر گوہر نے خیبرپختونخوا کے سیلاب متاثرہ اضلاع کا ذکر کرتے ہوئے کہا کہ وفاقی حکومت کی امداد بہت کم رہی، جبکہ شدید بارشوں سے دس اضلاع متاثر ہوئے ہیں۔ انہوں نے وفاق سے فوری اور مکمل مدد کی اپیل کی۔

Related Articles

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے

Back to top button