پاکستان
Trending

پی ٹی آئی نے 9 مئی کو منظم بغاوت کی کوشش کی، عمران خان کی مشاورت شامل تھی: طلال چودھری

 

اسلام آباد: وزیر مملکت برائے داخلہ طلال چودھری نے پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) پر سنگین الزامات عائد کرتے ہوئے کہا ہے کہ 9 مئی کے واقعات کسی اتفاقی ردعمل کا نتیجہ نہیں تھے، بلکہ ایک باقاعدہ منظم بغاوت کی کوشش تھی، جس کی منصوبہ بندی بانی پی ٹی آئی عمران خان کی مشاورت سے کی گئی۔

پریس کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے طلال چودھری کا کہنا تھا کہ 9 مئی کو پی ٹی آئی کے کارکنان نے دفاعی تنصیبات، فوجی عمارات، اور شہدا کی یادگاروں کو نشانہ بنایا۔ ان کے مطابق یہ عمل ملک دشمن عناصر کے ایجنڈے سے کم نہیں۔

انہوں نے کہا کہ پی ٹی آئی نہ صرف عدالتی فیصلوں پر جھوٹا واویلا کر رہی ہے بلکہ اپنے کارکنان کو مسلسل اشتعال دلا رہی ہے تاکہ انتشار پھیلایا جا سکے۔ طلال چودھری کے مطابق 9 مئی کے واقعات کے تمام شواہد موجود ہیں اور عدالتوں نے ان کی بنیاد پر سزائیں بھی سنائی ہیں۔

وزیر مملکت کا کہنا تھا کہ جب تک اداروں کے اندر سہولت کار موجود تھے، انصاف میں رکاوٹیں تھیں، لیکن اب وہ رکاوٹیں ختم ہو چکی ہیں، اسی لیے عدالتی عمل میں پیش رفت ہو رہی ہے۔

انہوں نے علیمہ خان پر تنقید کرتے ہوئے کہا کہ اُن کے بچوں کو بیرون ملک کیوں بھیجا گیا؟ کیا بانی پی ٹی آئی کا بھانجا ہونا قانون سے بالاتر ہونے کی علامت ہے؟

مزید برآں، طلال چودھری نے کہا کہ آئی ایم ایف کو خط لکھنا قومی مفادات کے خلاف قدم تھا، اور پی ٹی آئی نے دانستہ طور پر ریاستی معیشت کو نقصان پہنچانے کی کوشش کی۔

ان کا کہنا تھا کہ اگر 9 مئی جیسے واقعات پر سخت کارروائی نہ کی گئی تو آئندہ کسی کو بھی ریاستی اداروں کو نشانہ بنانے سے نہیں روکا جا سکے گا۔

Related Articles

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے

Back to top button