پاکستانکاروبار

وزیراعظم شہباز شریف اور ورلڈ بینک کے صدر اجے بنگا کی ملاقات, اصلاحاتی ایجنڈے پر تبادلہ خیال

نیویارک :  اقوام متحدہ کی جنرل اسمبلی کے 80 ویں اجلاس کے موقع پر وزیراعظم پاکستان محمد شہباز شریف اور ورلڈ بینک گروپ کے صدر اجے بنگا کے درمیان اہم ملاقات ہوئی۔ ملاقات میں پاکستان میں جاری اصلاحاتی عمل، ترقیاتی شراکت داری، اور مستقبل کی سرمایہ کاری پر تفصیلی تبادلہ خیال کیا گیا۔

وزیراعظم نے اجے بنگا کی قیادت میں ورلڈ بینک کو ایک تیز رفتار، مؤثر اور فعال ترقیاتی شراکت دار میں تبدیل کرنے پر ان کی کاوشوں کو سراہا۔ انہوں نے کورونا وبا اور 2022 کے تباہ کن سیلاب کے دوران ورلڈ بینک کی جانب سے پاکستان کی مدد پر شکریہ ادا کیا۔

شہباز شریف نے صدر اجے بنگا کو موجودہ حکومت کے جامع اصلاحاتی ایجنڈے سے آگاہ کیا، جس میں وسائل کا مؤثر استعمال، توانائی کے شعبے میں بہتری، نجکاری کے اقدامات، اور موسمیاتی تبدیلیوں سے نمٹنے کی کوششیں شامل ہیں۔ انہوں نے کہا کہ ان اصلاحات کا مقصد پاکستان کو معاشی استحکام اور پائیدار ترقی کی راہ پر گامزن کرنا ہے۔

وزیراعظم نے ورلڈ بینک کے نئے کنٹری پارٹنرشپ فریم ورک (2026-2035) کو سراہتے ہوئے بتایا کہ اس کے تحت پاکستان میں 40 ارب ڈالر کی تاریخی سرمایہ کاری متوقع ہے۔ انہوں نے اس منصوبے کے کامیاب نفاذ کے لیے وفاقی و صوبائی حکومتوں کے درمیان قریبی رابطے اور تعاون کی یقین دہانی بھی کرائی۔

ورلڈ بینک کے صدر اجے بنگا نے پاکستان کے اصلاحاتی اقدامات کو مثبت قرار دیتے ہوئے ترقی، معیشت کی بحالی، اور موسمیاتی خطرات سے بچاؤ کے لیے تعاون جاری رکھنے کے عزم کا اظہار کیا۔

Related Articles

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے

Back to top button