پاکستان

ڈؤنلڈ ٹر مپ دنیا میں قیامِ امن کے لیے سنجیدہ کوششیں کر رہے ہیں، شہباز شریف

نیویارک :  وزیراعظم پاکستان محمد شہباز شریف نے امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ کو عالمی امن کا داعی قرار دیتے ہوئے کہا ہے کہ وہ دنیا میں قیامِ امن کے لیے سنجیدہ کوششیں کر رہے ہیں۔ نیویارک میں میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے وزیراعظم نے صدر ٹرمپ کے اقوام متحدہ کی جنرل اسمبلی سے خطاب کو "امن کی حمایت میں جرات مندانہ مؤقف” قرار دیا۔

وزیراعظم نے کہا کہ پاک بھارت کشیدگی کے دوران صدر ٹرمپ اور ان کی ٹیم نے جنگ بندی کے حوالے سے جو مثبت کردار ادا کیا، وہ لائقِ تحسین ہے، اور حکومتِ پاکستان اس پر ان کا تہہ دل سے شکریہ ادا کرتی ہے۔

وزیراعظم شہباز شریف کی نیویارک میں عالمی رہنماؤں سے ملاقاتوں کا سلسلہ بھی جاری رہا۔ آسٹریا کے وفاقی چانسلر کرسچن اسٹاکر کے ساتھ ملاقات میں دونوں رہنماؤں نے مختلف شعبوں میں باہمی تعاون بڑھانے پر اتفاق کیا، اور دو طرفہ تعلقات کو مزید مستحکم بنانے کی خواہش ظاہر کی۔

وزیراعظم کی ملاقاتیں صرف یورپی یا مغربی رہنماؤں تک محدود نہیں رہیں۔ انہوں نے مشرق وسطیٰ اور ایشیائی ممالک کی قیادت سے بھی اہم ملاقاتیں کیں۔ ان میں امیرِ قطر، اردن کے بادشاہ، انڈونیشیا کے صدر اور کویت کے ولی عہد شیخ صباح الخالد شامل ہیں۔

کویت کے ولی عہد کے ساتھ ہونے والی ملاقات میں دو طرفہ تعلقات خصوصاً تجارت، سرمایہ کاری، زراعت اور لائیو اسٹاک کے شعبوں میں تعاون کو فروغ دینے پر زور دیا گیا۔ دونوں رہنماؤں نے اب تک ہونے والی پیش رفت پر اطمینان کا اظہار کرتے ہوئے اسے مزید آگے بڑھانے پر اتفاق کیا۔

وزیراعظم شہباز شریف کی ان اعلیٰ سطحی ملاقاتوں کو اقوام متحدہ کے اجلاس کے موقع پر پاکستان کی متحرک اور مؤثر سفارت کاری کا حصہ قرار دیا جا رہا ہے، جس کا مقصد بین الاقوامی سطح پر پاکستان کے تشخص کو اجاگر کرنا اور عالمی برادری کے ساتھ تعمیری تعلقات کو فروغ دینا ہے۔

Related Articles

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے

Back to top button