لاہور: وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز شریف نے کہا ہے کہ صوبے میں سرکاری ملازمتوں کی تعیناتیاں مکمل طور پر میرٹ کی بنیاد پر کی جا رہی ہیں اور کرپشن کے خاتمے کے لیے زیرو ٹالرنس پالیسی پر سختی سے عمل درآمد ہو رہا ہے۔
یہ بات مریم نواز نے نیشنل سیکیورٹی اینڈ وار کورس کے شرکاء اور فیکلٹی ممبران سے ملاقات کے دوران کہی، جس میں پاکستان کی تینوں مسلح افواج کے افسران سمیت 26 ممالک کے 47 افسران شامل تھے۔
مریم نواز نے وفد کو پنجاب حکومت کے جاری فلاحی، اصلاحاتی اور ترقیاتی منصوبوں سے آگاہ کرتے ہوئے کہا کہ اچھے حکمران کا ہر فیصلہ عوام کی زندگی پر گہرا اثر ڈالتا ہے اور گڈ گورننس کا مطلب صرف حکمرانی نہیں بلکہ عوام کی خدمت ہے۔ انہوں نے واضح کیا کہ عوام کا پیسہ صرف عوام کی فلاح و بہبود پر خرچ کیا جا رہا ہے اور ای-ٹینڈرنگ سسٹم کے ذریعے تمام معاملات میں مکمل شفافیت کو یقینی بنایا جا رہا ہے۔
وزیراعلیٰ نے کہا کہ وطن ماں کی طرح ہے اور اس سے بے وفائی ناقابل قبول ہے۔ انہوں نے مزید کہا کہ پنجاب میں سیاسی بنیادوں پر تقرریاں اور اقرباپروری ماضی کا حصہ بن چکی ہیں۔
اس موقع پر مریم نواز نے پاک فوج، نیوی اور ایئر فورس کو آپریشن بُنْيَانٌ مَّرْصُوْص کی کامیابی پر مبارکباد دی اور فیلڈ مارشل سید عاصم منیر سمیت پوری عسکری قیادت کو خراج تحسین پیش کیا۔
وزیراعلیٰ نے بتایا کہ پنجاب میں امن و امان کی صورتحال بہتر ہوئی ہے، سیلاب کے دوران ملک کا سب سے بڑا انخلا آپریشن کامیابی سے مکمل کیا گیا اور تھرمل امیجنگ ڈرونز کے ذریعے متاثرین کی بروقت نشاندہی ممکن بنائی گئی ہے۔
مزید برآں، مریم نواز نے بتایا کہ پنجاب کی زراعت کو جدید مشینری کے ذریعے میکانائزیشن کی طرف لایا جا رہا ہے، کینسر کے مریضوں کے لیے جدید کوابلیشن مشین سے علاج کی سہولت فراہم کی جا رہی ہے اور سموگ سے بچاؤ کے لیے 15 جدید سموگ گنز درآمد کی گئی ہیں۔
وفد نے پنجاب حکومت کے فلاحی منصوبوں کی تعریف کرتے ہوئے کہا کہ یہاں جاری منصوبے نہ صرف قابلِ تعریف ہیں بلکہ حیران کن بھی ہیں.




