
چیمپئنز کپ میں ٹی ٹوئنٹی، ون ڈے اور فور ڈے فارمیٹس کو شامل کیا گیا ہے، جبکہ گزشتہ سال صرف چیمپئنز ٹی ٹوئنٹی کپ اور چیمپئنز ون ڈے کپ کا انعقاد ہوا تھا۔
ترامیم کے بعد فرسٹ کلاس ٹورنامنٹ قائداعظم ٹرافی میں ٹیموں کی تعداد کم کر دی گئی ہے۔ آئندہ سیزن میں قائداعظم ٹرافی میں مجموعی طور پر آٹھ ٹیمیں حصہ لیں گی۔ ان میں سے چھ ٹیمیں براہ راست کوالیفائی کریں گی جبکہ حنیف محمد ٹرافی کی دو فائنلسٹ ٹیمیں قائداعظم ٹرافی کھیلنے کی اہل ہوں گی۔
گزشتہ سیزن میں قائداعظم ٹرافی میں سولہ ریجنز کی اٹھارہ ٹیمیں ایکشن میں تھیں، تاہم نئے ڈھانچے کے تحت ٹیموں کی تعداد میں نمایاں کمی کی گئی ہے تاکہ مقابلے کے معیار کو مزید بہتر بنایا جا سکے۔
پی سی بی نے ڈیپارٹمنٹل کرکٹ کو بھی فروغ دینے کا فیصلہ کیا ہے۔ ڈیپارٹمنٹل ٹورنامنٹس کی تعداد تین سے بڑھا کر چار کر دی گئی ہے۔ ان میں پریذیڈنٹ ٹرافی، پریذیڈنٹ کپ، گریڈ ٹو ٹورنامنٹ کے ساتھ ساتھ ایک نیا ایونٹ بھی شامل کیا گیا ہے، جس کی تفصیلات جلد جاری کی جائیں گی۔




