پاکستان
Trending

پاکستان امن چاہتا ہے مگر دفاع کی پوری صلاحیت رکھتا ہے: صدر آصف علی زرداری


گڑھی خدا بخش: صدر مملکت آصف علی زرداری نے جلسے سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ بے نظیر بھٹو کی شہادت کے بعد “پاکستان کھپے” کے نعرے نے ملک کو متحد رکھا اور پاکستان کو بچایا۔ انہوں نے کہا کہ الحمداللہ پاکستان آج بھی قائم ہے، چل رہا ہے اور ہمیشہ قائم رہے گا۔

صدر زرداری نے کہا کہ پاکستان نے ہمیشہ تحمل اور صبر کا مظاہرہ کیا ہے۔ بھارتی وزیراعظم مودی کو مخاطب کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ پاکستان نے حالات کے باوجود بردباری دکھائی اور قیادت نے دانشمندی سے فیصلے کیے۔ ان کا کہنا تھا کہ پاکستان لڑائی نہیں چاہتا، لیکن اپنے دفاع کی بھرپور صلاحیت رکھتا ہے۔

انہوں نے کہا کہ بھٹو اور شہید بے نظیر بھٹو کے وارث آج بھی ملک کے دفاع اور سلامتی کے لیے ہر قربانی دینے کو تیار ہیں۔ صدر زرداری نے کہا کہ مشکل حالات میں کبھی بنکروں کا راستہ اختیار نہیں کیا گیا بلکہ ہمیشہ میدان میں کھڑے ہو کر مقابلہ کیا گیا۔

صدر مملکت نے کہا کہ اگر ضرورت پڑی تو ملک کے لیے تن، من اور دھن سب کچھ قربان کیا جائے گا اور پیپلز پارٹی اکیلے ہی دشمن عناصر کے مقابلے کے لیے کافی ہے۔ انہوں نے کہا کہ آنے والی نسلیں بھی پاکستان کے دفاع اور سلامتی کے لیے تیار رہیں گی۔

ملکی صورتحال پر بات کرتے ہوئے صدر زرداری نے کہا کہ پاکستان کو درپیش مسائل موجود ہیں، تاہم آہستہ آہستہ ان میں کمی آ رہی ہے۔ انہوں نے کہا کہ ماضی میں غلط پالیسیوں کے باعث عالمی تعلقات متاثر ہوئے، مگر اب پاکستان کے دنیا بھر کے ممالک کے ساتھ تعلقات بحال ہو رہے ہیں۔ صدر زرداری نے یقین دلایا کہ پیپلز پارٹی ملک کے استحکام، دفاع اور ترقی کے لیے اپنا کردار ادا کرتی رہے گی۔

Related Articles

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے

Back to top button