لاہور: ڈی جی آئی ایس پی آر لیفٹیننٹ جنرل احمد شریف نے کنگ ایڈورڈ میڈیکل یونیورسٹی کا دورہ کیا، جہاں اُن کا انتظامیہ، فیکلٹی اور طلباء و طالبات کی جانب سے پرتپاک استقبال کیا گیا۔
اس موقع پر ڈی جی آئی ایس پی آر نے آپریشن بنیان مرصوص سے متعلق ایک معلوماتی اور انٹرایکٹو سیشن میں شرکت کی، جس میں انہوں نے پاک افواج کی حکمت عملی، قربانیوں اور کامیابیوں پر تفصیلی روشنی ڈالی۔ ان کا کہنا تھا کہ معرکۂ حق میں فتح مبین عوام کے تعاون کے بغیر ممکن نہ تھی، اور بالخصوص نوجوانوں کا کردار اس کامیابی میں کلیدی رہا۔
لیفٹیننٹ جنرل احمد شریف نے اپنے خطاب میں قومی یکجہتی پر زور دیتے ہوئے کہا کہ”کشمیر پاکستان کی شہ رگ تھا، ہے اور رہے گا۔”
انہوں نے بلوچستان کے عوام سے اظہارِ یکجہتی کرتے ہوئے کہا کہ بلوچ عوام پاکستان سے تاریخ، مذہب، ثقافت اور روایت کے مضبوط رشتوں میں بندھے ہوئے ہیں، اور مٹھی بھر دہشت گرد ملک کی ترقی و خوشحالی کے سفر کو روک نہیں سکتے۔
طلباء و طالبات نے افواجِ پاکستان کو آپریشن بنیان مرصوص کی کامیابی پر خراجِ تحسین پیش کیا، اور وطن کے دفاع میں دی جانے والی قربانیوں کو سراہا۔ سیشن کے اختتام پر فیکلٹی اور طلباء نے اس طرح کے مزید انٹرایکٹیو پروگرامز کے انعقاد کی خواہش کا اظہار کیا تاکہ نوجوان نسل کو قومی و عسکری امور سے متعلق براہِ راست آگاہی حاصل ہو۔




