خیبرپختونخوا پولیس نے دہشتگردی کے بڑھتے ہوئے خطرات سے نمٹنے کے لیے فورس کو جدید اسلحہ اور ٹیکنالوجی سے لیس کرنے کا فیصلہ کیا ہے۔ اس مقصد کے تحت پولیس کے 3 ہزار چھوٹے اور 3 ہزار 250 بڑے ہتھیاروں کو جدید بنانے کے لیے ریلیں خریدی جائیں گی۔
پولیس حکام کے مطابق سیکیورٹی اور نگرانی کے نظام کو مضبوط بنانے کے لیے سرویلنس ڈرونز، اینٹی ڈرون گنز، اسنائپر رائفلیں اور تھرمل ٹی آئی کیمرے فراہم کیے جائیں گے۔ اس کے ساتھ ساتھ دہشتگردی کے خلاف آپریشنز میں استعمال کے لیے بکتر بند گاڑیاں بھی فورس میں شامل کی جائیں گی۔
سرچ اور انٹیلی جنس بیسڈ آپریشنز کو مؤثر بنانے کے لیے ایک ہزار اسپارٹا کیمرے خریدنے کا بھی فیصلہ کیا گیا ہے، جبکہ اہلکاروں کے تحفظ کو یقینی بنانے کے لیے مجموعی طور پر 6 ہزار بلٹ پروف جیکٹس فراہم کی جائیں گی۔
حکام کا کہنا ہے کہ ان جدید اقدامات سے خیبرپختونخوا پولیس کی آپریشنل تیاریوں میں نمایاں بہتری آئے گی اور دہشتگردی کے خلاف کارروائیوں میں مزید مؤثریت پیدا ہوگی۔




