کھیل

پی سی بی کا محمد وسیم کو ویمن کرکٹ ٹیم کے ہیڈ کوچ کے طور پر نیا کنٹریکٹ نہ دینے کا فیصلہ

لاہور :  پاکستان کرکٹ بورڈ (پی سی بی) نے ویمن کرکٹ ٹیم کے ہیڈ کوچ محمد وسیم کو نیا کنٹریکٹ نہ دینے کا فیصلہ کیا ہے، جس کے بعد ان کے عہدے سے ہٹائے جانے کا امکان ظاہر کیا جا رہا ہے۔ محمد وسیم کی کوچنگ میں ویمن کرکٹ ٹیم کی کارکردگی مسلسل زوال پذیر رہی ہے، اور ان کے حوالے سے مختلف شکایات بھی سامنے آئی ہیں۔

ذرائع کے مطابق، محمد وسیم کو 2024 میں ویمن ٹیم کا ہیڈ کوچ مقرر کیا گیا تھا، لیکن اس دوران ٹیم کی کارکردگی توقعات کے مطابق نہیں رہی۔ ویمن کرکٹ ورلڈ کپ میں پاکستانی ٹیم ایک بھی میچ نہ جیت سکی، اور ان کی کوچنگ میں ٹیم کی بیٹنگ اور بولنگ میں کمی واقع ہوئی۔ کھلاڑیوں نے بھی ان کے ساتھ کم انٹریکشن اور بیٹنگ شعبے میں کمزوریوں کا ذکر کیا ہے۔ ان کے اکھڑ مزاج اور سپورٹ اسٹاف کے ساتھ تعلقات میں مشکلات کی وجہ سے ٹیم کی ہم آہنگی پر منفی اثرات مرتب ہوئے۔

محمد وسیم نے خود کو ٹیم کی سلیکشن میں شامل رکھا اور سپورٹ اسٹاف کی تقرریاں اپنی مرضی سے کیں، لیکن اس کے باوجود ٹیم کی کارکردگی میں بہتری نہ آئی۔ ویمن ٹیم کی بولنگ اور فیلڈنگ کے شعبے میں بھی مسلسل تنزلی دیکھی گئی، اور ورلڈ کپ کے دوران کئی اہم کیچز بھی ڈراپ ہوئے۔

پاکستان کرکٹ بورڈ کی جانب سے محمد وسیم کی جگہ اگلے ہفتے نئے ہیڈ کوچ کی تقرری کا امکان ہے۔ پی سی بی کا یہ فیصلہ ویمن ٹیم کے بہتر مستقبل کے لیے اہم سمجھا جا رہا ہے، اور اس بات پر زور دیا جا رہا ہے کہ نئے کوچ کی تقرری سے ٹیم کی کارکردگی میں بہتری لانے کی کوشش کی جائے گی۔

یاد رہے کہ سری لنکا اور بھارت میں جاری ویمن کرکٹ ورلڈ کپ میں پاکستانی ویمن ٹیم کی کارکردگی انتہائی مایوس کن رہی، جہاں وہ سات میچز میں سے ایک بھی نہیں جیت سکی۔ اس دوران چار میچز میں اسے شکست کا سامنا کرنا پڑا، جبکہ تین میچز بارش کی وجہ سے بغیر کسی نتیجے کے ختم ہو گئے.

Related Articles

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے

Back to top button