تہران : ایران نے امریکی فورسز کی جانب سے ایرانی بحری جہاز کو نشانہ بنانے اور اسے تحویل میں لینے کے عمل کو "بین الاقوامی ڈکیتی” قرار دیتے ہوئے جوابی حملے کا الٹی میٹم دے دیا ہے۔
ایرانی عسکری حکام نے دوٹوک الفاظ میں کہا ہے کہ امریکی فوج نے بحری قذاقی کر کے اپنی موت کو دعوت دی ہے۔ بیان میں کہا گیا کہ "امریکہ سے اس جارحیت کا حساب بہت جلد اور بے رحم طریقے سے لیا جائے گا”۔
ترجمان ابراہیم ذوالفقاری نے امریکی دعوؤں کو مسترد کرتے ہوئے کہا کہ امریکی فوج نے ایرانی جہاز پر بلا اشتعال فائرنگ کی اور طاقت کا غیر قانونی استعمال کیا۔ ایرانی ترجمان نے خبردار کیا کہ امریکی رویہ موجودہ سیز فائر معاہدے کی سنگین خلاف ورزی ہے، جس کے بعد اب امن کی ذمہ داری ایران پر عائد نہیں ہوتی۔
سفارتی ماہرین کے مطابق ایران کی جانب سے "بدلہ” لینے کی دھمکی محض لفظی نہیں ہے، جس کے باعث عالمی منڈی میں خام تیل کی قیمتوں میں فوری اضافے کا امکان ہے اور بحیرہ عرب میں موجود تمام تجارتی جہازوں کے لیے خطرے کی گھنٹی بج گئی ہے۔




