اسلام آباد:کابینہ کمیٹی برائے نجکاری نے فیسکو، گیپکو اور آئیسکو کی تنظیمِ نو کے منصوبے کی منظوری دے دی۔
ڈپٹی وزیراعظم اسحاق ڈار کی زیرِ صدارت کابینہ کمیٹی برائے نجکاری کے اجلاس میں بجلی کی تقسیم کار کمپنیوں کی تنظیمِ نو اور نجکاری سے متعلق امور کا جائزہ لیا گیا۔ اجلاس میں وفاقی وزیر توانائی اویس لغاری، مشیر نجکاری محمد علی اور اعلیٰ حکام نے شرکت کی۔
منصوبے کے تحت فیسکو، گیپکو اور آئیسکو کے اراضی اثاثے حکومتی پاور ہولڈنگ کمپنی کو منتقل کیے جائیں گے، جبکہ تنظیمِ نو کا منصوبہ سیکیورٹیز اینڈ ایکسچینج کمیشن میں جمع کرایا جائے گا۔
اسحاق ڈار نے منصوبے پر تیزی سے عملدرآمد کی ہدایت کرتے ہوئے کہا کہ تقسیم کار کمپنیوں کی نجکاری سے سروس کا معیار بہتر ہوگا اور بجلی کے شعبے میں ہونے والے نقصانات میں کمی آئے گی۔
حکومت کے مطابق بجلی کی تقسیم کار کمپنیوں کی تنظیمِ نو اور نجکاری کا مقصد اداروں کی کارکردگی بہتر بنانا اور صارفین کو بہتر خدمات کی فراہمی یقینی بنانا ہے۔




