اسلام آباد: صدرِ مملکت آصف علی زرداری اور وزیراعظم شہباز شریف نے یومِ بحریہ کے موقع پر پاک بحریہ کی شجاعت، پیشہ ورانہ مہارت اور لازوال قربانیوں کو خراجِ تحسین پیش کیا ہے۔
صدرِ مملکت آصف علی زرداری نے کہا کہ آپریشن سومناتھ پاک بحریہ کی شاندار تاریخ کی یاد دلاتا ہے۔ 7 اور 8 ستمبر 1965ء کی شب انجام دیا گیا آپریشن سومناتھ بہادری اور عزم کی روشن مثال ہے۔
صدرِ مملکت نے کہا کہ پاک بحریہ جدید ٹیکنالوجی کے تقاضوں کے مطابق اپنی صلاحیتوں کو مسلسل جدید بنا رہی ہے اور ملکی دفاع کے لیے اپنی ذمہ داریاں بھرپور انداز میں ادا کر رہی ہے۔
وزیراعظم شہباز شریف نے کہا کہ 8 ستمبر پاک بحریہ کے عزم، شجاعت اور ثابت قدمی کی یاد تازہ کرنے والا قابلِ فخر اور ولولہ انگیز دن ہے۔ اسی روز پاک بحریہ نے بھارتی بحری تنصیب دوارکا کے خلاف تاریخی آپریشن ’’سومناتھ‘‘ کامیابی سے انجام دیا۔
وزیراعظم نے کہا کہ پاک بحریہ کے سرفروشوں نے 1965ء میں بے مثال بہادری کا مظاہرہ کرتے ہوئے ملکی دفاع کی تاریخ میں سنہری باب رقم کیا۔ قوم پاک بحریہ کے شہداء اور غازیوں کی قربانیوں اور خدمات کو سلام پیش کرتی ہے۔




