پاکستان
Trending

پاک قطر سٹریٹجک شراکت داری میں نیا موڑ: دفاعی خود انحصاری اور اربوں ڈالر کی سرمایہ کاری پر اتفاق

 

دوحہ : وزیراعظم محمد شہباز شریف کے دورہ قطر نے دونوں برادر ممالک کے درمیان تعلقات کو ایک نئی جہت عطا کر دی ہے۔ دوحہ میں قطری قیادت سے ہونے والی ملاقاتوں کے بعد جاری کردہ اعلامیے کے مطابق، پاکستان اور قطر نے دفاعی صلاحیتوں کے تبادلے اور تجارتی حجم کو کئی گنا بڑھانے کا عزم ظاہر کیا ہے۔
وزیراعظم شہباز شریف اور قطر کے نائب وزیراعظم و وزیر دفاع شیخ سعود بن عبدالرحمن الثانی کے درمیان ہونے والی ملاقات میں دفاعی روابط کو محض مشقوں سے بڑھا کر اسٹریٹجک شراکت داری میں بدلنے پر اتفاق ہوا۔قطری وزیر دفاع نے پاکستانی مسلح افواج کی پیشہ ورانہ صلاحیتوں کو قطر کے لیے ایک اثاثہ قرار دیا۔
ملاقات میں ایران اور افغانستان کی صورتحال پر گہری تشویش کا اظہار کرتے ہوئے خطے میں استحکام کے لیے مشترکہ بلاک کی اہمیت پر زور دیا گیا۔قطر کے وزیر مملکت برائے خارجہ تجارت ڈاکٹر احمد بن محمد السید کے ساتھ ملاقات میں پاکستان کی معاشی بحالی کے پلان پر تفصیلی گفتگو ہوئی۔ وزیراعظم نے قطری حکام کو یقین دلایا کہ خصوصی سرمایہ کاری سہولت کونسل کے ذریعے سرخ فیتہ (Red Tape) ختم کر کے سرمایہ کاروں کے لیے "ریڈ کارپٹ” بچھا دیا گیا ہے۔
ایک غیر معمولی فیصلے کے تحت، دونوں ممالک نے رمضان المبارک کے دوران ایک خصوصی ٹاسک فورس کا اجلاس بلانے پر اتفاق کیا ہے، جو پاکستان میں قطری سرمایہ کاری کے منصوبوں کو حتمی شکل دے گی۔ پاکستان اب قطر کو صرف افرادی قوت ہی نہیں بلکہ زرعی مصنوعات اور ویلیو ایڈڈ اشیاء بھی بڑے پیمانے پر فراہم کرے گا۔
وزیراعظم کا یہ دورہ قطر کے ساتھ صرف سفارتی تعلقات نہیں بلکہ ایک مضبوط معاشی اور دفاعی اتحاد کی بنیاد ثابت ہو رہا ہے، جس کے اثرات جلد معیشت پر نظر آئیں گے۔

Related Articles

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے

Back to top button