کراچی: سندھ حکومت کی جانب سے اعلان کیا گیا ہے کہ ایشیا کپ کرکٹ ٹورنامنٹ 2025 کے فائنل میچ کو صوبے کے 6 بڑے شہروں میں بڑی سکرین پر براہِ راست دکھایا جائے گا تاکہ کرکٹ شائقین اس تاریخی مقابلے کا بھرپور لطف اٹھا سکیں۔
آج دبئی میں ایشیا کپ کا فیصلہ کن میچ پاکستان اور بھارت کے درمیان کھیلا جا رہا ہے، جو 41 سالہ تاریخ میں پہلا موقع ہے کہ دونوں روایتی حریف ٹیمیں فائنل میں ایک دوسرے کے سامنے ہیں۔
محکمہ کھیل کے ترجمان کے مطابق کراچی میں سندھ یوتھ کلب گلستان جوہر، حیدرآباد میں سندھ سپورٹس بورڈ ہاسٹل، گھوٹکی کے علی محمد خان مہر سپورٹس کمپلیکس، شہید بینظیرآباد کے بلاول سپورٹس کمپلیکس، میرپورخاص کے شہید محترمہ بینظیر بھٹو گاما سٹیڈیم اور لاڑکانہ کے کھڑا کمپلیکس میں بڑی سکرینز لگا کر شائقین کرکٹ کو براہِ راست میچ دیکھنے کا موقع فراہم کیا جائے گا۔
ترجمان نے کہا کہ اس اقدام کا مقصد عوام میں کرکٹ کے جذبے کو بڑھانا اور انہیں بڑے ایونٹس کے ساتھ جوڑنا ہے، تاکہ وہ اپنے گھروں سے باہر آ کر ایک ساتھ میچ دیکھ کر خوشیاں منائیں۔




