شرم الشیخ:مصر کے شہر شرم الشیخ میں غزہ امن معاہدے پر دستخط کی ایک اہم اور تاریخی تقریب منعقد ہوئی، جس میں وزیراعظم پاکستان شہباز شریف، امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ، مصری صدر عبدالفتاح السیسی، اور دیگر عالمی رہنماؤں نے شرکت کی۔
تقریب سے خطاب میں امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے اس معاہدے کو مشرق وسطیٰ میں امن کی جانب ایک "تاریخی پیش رفت” قرار دیا۔ ان کا کہنا تھا:
"آج غزہ کے عوام کے لیے ایک نئے باب کا آغاز ہے۔ یہ معاہدہ کئی ماہ کی مسلسل سفارتی کوششوں اور دوست ممالک کے تعاون سے ممکن ہوا ہے۔”
صدر ٹرمپ نے کہا کہ معاہدے سے نہ صرف غزہ میں جنگ بندی کا راستہ ہموار ہوگا، بلکہ تعمیر نو اور ترقی کے نئے مواقع بھی پیدا ہوں گے۔ انہوں نے مصر کے فعال اور مثبت کردار کو سراہا، جس نے معاہدے کو پایہ تکمیل تک پہنچانے میں اہم کردار ادا کیا۔
وزیراعظم شہباز شریف نے تقریب میں شرکت کے دوران فلسطینی عوام سے یکجہتی کا اظہار کیا۔ ان کی فلسطینی صدر محمود عباس سمیت کئی عالمی رہنماؤں سے ملاقاتیں بھی ہوئیں۔ وزیراعظم نے کہا کہ پاکستان فلسطین کے عوام کی جدوجہد میں ہمیشہ ان کے ساتھ کھڑا رہے گا۔
غزہ امن معاہدے میں جنگ بندی، انسانی امداد کی بحالی، قیدیوں کا تبادلہ، اور تعمیر نو جیسے اہم اقدامات شامل ہیں، جن کا مقصد غزہ میں پائیدار امن قائم کرنا ہے۔




