کاروبار
Trending

صنعت، ٹیکس اور ترسیلات زر میں اضافہ، مالیاتی خسارہ سرپلس میں بدل گیا:معاشی رپورٹ میں انکشاف

 

اسلام آباد: وزارت خزانہ نے ماہانہ معاشی آؤٹ لک رپورٹ جاری کی ہے جس میں پاکستان کی معیشت میں بحالی کے آثار اور مستحکم معاشی سرگرمیوں کی تصدیق کی گئی ہے۔ رپورٹ میں کہا گیا ہے کہ آئی ایم ایف کے ساتھ اسٹاف لیول معاہدہ بھی مضبوط معاشی کارکردگی کا اعتراف ہے۔

جولائی تا اگست بڑی صنعتوں کی پیداوار میں 4.4 فیصد اضافہ ہوا، جبکہ آٹو موبائل، سیمنٹ اور تعمیراتی شعبے میں نمایاں بہتری دیکھی گئی۔ سیمنٹ کی ملکی کھپت میں 15 فیصد اور برآمدات میں 21 فیصد اضافہ ہوا۔

زرعی شعبے کو حالیہ سیلاب سے تقریباً 430 ارب روپے کے نقصانات ہوئے، جس کے اثرات اشیائے خوردونوش کی قیمتوں میں بھی دیکھے گئے۔ ستمبر میں سالانہ افراطِ زر 5.6 فیصد رہی اور توقع ہے کہ آئندہ مہینوں میں یہ 5 سے 6 فیصد کے درمیان رہے گی۔

مالیاتی شعبے میں جولائی تا اگست وفاقی آمدن 231 فیصد بڑھ گئی اور ایف بی آر کی ٹیکس وصولی 12.5 فیصد اضافے کے ساتھ 2,884 ارب روپے رہی۔ مالیاتی خسارہ ختم ہو کر 1,509 ارب روپے کے سرپلس میں بدل گیا۔

تجارت کے شعبے میں برآمدات 7.9 ارب ڈالر اور درآمدات 15.4 ارب ڈالر رہیں، جبکہ کرنٹ اکاؤنٹ خسارہ جولائی تا ستمبر 594 ملین ڈالر رہا اور ستمبر میں 110 ملین ڈالر سرپلس ریکارڈ ہوا۔ ترسیلاتِ زر میں 8.4 فیصد اضافہ ہوا اور یہ 9.5 ارب ڈالر تک پہنچ گئیں۔ غیر ملکی سرمایہ کاری میں 34 فیصد کمی ہوئی اور یہ 569 ملین ڈالر رہی۔ زرمبادلہ کے ذخائر 19.9 ارب ڈالر تک پہنچ گئے۔

سوشل سیکٹر میں ستمبر میں 73,545 پاکستانیوں کو بیرونِ ملک روزگار کے مواقع فراہم کیے گئے، جبکہ احساس پروگرام کے تحت 5,370 بلاسود قرضے دیے گئے۔ جولائی تا اگست، بی آئی ایس پی کے تحت 14.63 ارب روپے کی ادائیگیاں بھی کی گئیں۔

Related Articles

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے

Back to top button