ریاض : وزیراعظم پاکستان شہباز شریف نے سعودی عرب کے دارالحکومت ریاض میں سعودی ولی عہد محمد بن سلمان سے ملاقات کی۔ ملاقات کے دوران دونوں ممالک کے درمیان تجارتی، سرمایہ کاری، اور اقتصادی تعلقات کو مزید فروغ دینے کے لیے اہم اقدامات پر تبادلہ خیال کیا گیا۔
وزیراعظم شہباز شریف نے سوشل میڈیا پر اپنے پیغام میں کہا کہ سعودی ولی عہد سے ملاقات کرکے انہیں بے حد خوشی ہوئی اور دونوں ممالک نے برادرانہ تعلقات کو مستحکم کرنے کے عزم کا اعادہ کیا۔ انہوں نے سعودی ولی عہد کا شکریہ ادا کرتے ہوئے کہا کہ ان کی غیر متزلزل حمایت نے دونوں ممالک کے درمیان گہری شراکت داری کو مزید مضبوط کیا ہے۔
وزیراعظم نے مزید کہا کہ سعودی ولی عہد محمد بن سلمان نے دونوں ممالک کے عوام کے مفاد میں ایک مشترکہ وژن کی بنیاد پر تعاون بڑھانے میں اہم کردار ادا کیا ہے۔
اس ملاقات میں پاکستانی فوجی سربراہ فیلڈ مارشل سید عاصم منیر بھی شریک ہوئے، جس سے دونوں ملکوں کے دفاعی تعلقات کو مزید تقویت ملنے کی توقع ہے۔ وزیراعظم شہباز شریف سعودی ولی عہد کی خصوصی دعوت پر سعودی عرب کے دورے پر پہنچے ہیں، جہاں وہ فیوچر انویسٹمنٹ انیشی ایٹو کی نویں کانفرنس میں شرکت کریں گے۔
قصر یمامہ پہنچنے پر سعودی ولی عہد محمد بن سلمان نے وزیراعظم اور ان کے وفد کا پرتپاک استقبال کیا۔ اس دورے کے دوران دونوں رہنماؤں نے عالمی اور دو طرفہ امور پر بھی بات چیت کی۔




