لاہور: وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز نے اپنی زندگی کی 52 بہاریں دیکھ لیں۔ اس خوشی کے موقع پر مسلم لیگ (ن) کی جانب سے ملک بھر میں سالگرہ کی تقریبات کا انعقاد کیا جائے گا، جس میں کیک کاٹنے کی تقریب بھی شامل ہے۔
مریم نواز 28 اکتوبر 1973ء کو پیدا ہوئیں اور ان کی شادی 1992ء میں کیپٹن (ر) صفدر سے ہوئی۔ ان کے سیاسی سفر کا آغاز 2013ء کے انتخابات میں مسلم لیگ (ن) کی انتخابی مہم کی قیادت سے ہوا، جس کے نتیجے میں ان کے والد میاں نواز شریف تیسری بار وزیر اعظم منتخب ہوئے۔
مریم نواز نے نہ صرف سیاسی میدان میں خود کو منوایا بلکہ خواتین کے حقوق اور بچیوں کی تعلیم کے حوالے سے بھی نمایاں خدمات انجام دیں۔ برطانوی نشریاتی ادارے (بی بی سی) نے نواز شریف کے دور اقتدار میں انہیں دنیا کی 100 بااثر سربراہان مملکت کی بیٹیوں میں شامل کیا، جو ان کی عالمی سطح پر پذیرائی کا واضح ثبوت ہے۔
وزیر اطلاعات و ثقافت پنجاب، عظمیٰ زاہد بخاری نے مریم نواز کو سالگرہ کے موقع پر تہنیتی پیغام جاری کرتے ہوئے کہا، "ہم پنجاب کی عوام کی خدمت کرنے پر مریم نواز کا شکریہ ادا کرتے ہیں۔” انہوں نے مریم نواز کی عوامی خدمات پر مبنی ایک ویڈیو بھی شیئر کی، جس میں وزیراعلیٰ پنجاب کی صحت، طویل عمر اور عوامی خدمت کے مزید مواقع کے لیے دعا کی گئی۔




