پاکستان
Trending

ڈکی بھائی کی اہلیہ کی درخواست پر ایف آئی اے کا بڑا ایکشن، سائبر کرائم ونگ کے افسران گرفتار

رشوت اور اختیارات کے ناجائز استعمال کے الزامات، لاکھوں ڈالرز غیرقانونی طور پر منتقل کیے گئے

 

لاہور :معروف یوٹیوبر ڈکی بھائی (سعدالرحمن) کی اہلیہ عروب جنوئی کی تحریری شکایت پر وفاقی تحقیقاتی ادارے (ایف آئی اے) نے کارروائی کرتے ہوئے سائبر کرائم ونگ لاہور کے متعدد افسران کو گرفتار کر لیا ہے۔

ذرائع کے مطابق ایف آئی اے کے انسدادِ بدعنوانی سرکل لاہور میں درج مقدمے میں ان افسران پر رشوت لینے، نجی معلومات کے غلط استعمال اور غیرقانونی مالی ٹرانزیکشنز کے الزامات عائد کیے گئے ہیں۔ گرفتار ملزمان میں ایڈیشنل ڈائریکٹر سرفراز چوہدری اور اسسٹنٹ ڈائریکٹر شعیب ریاض سمیت چار اہلکار شامل ہیں۔

ابتدائی تحقیقات کے مطابق، شعیب ریاض نے ڈکی بھائی سے 90 لاکھ روپے رشوت لی، جب کہ ان کے Binance اکاؤنٹ میں 3 لاکھ 26 ہزار امریکی ڈالر کی منتقلی بھی ریکارڈ کی گئی۔ رپورٹ میں کہا گیا ہے کہ رشوت کی رقم افسران کے درمیان تقسیم کی گئی اور اس سلسلے میں اسلام آباد ہیڈکوارٹر کے بعض اہلکاروں کے نام بھی سامنے آئے ہیں۔

شکایت کنندہ کے مطابق، سائبر کرائم ونگ لاہور کے افسران ایک منظم گروہ کی صورت میں کام کر رہے تھے جو مختلف کال سینٹرز اور آن لائن پلیٹ فارمز پر کارروائیوں کے بہانے بھاری رقوم وصول کرتے تھے۔ بتایا گیا ہے کہ یہ رقوم باقاعدگی سے ڈپٹی ڈائریکٹر محمد عثمان تک پہنچائی جاتی تھیں۔

ایف آئی اے حکام نے واقعے کی تصدیق کرتے ہوئے کہا ہے کہ گرفتار اہلکاروں کے خلاف تحقیقات شروع کر دی گئی ہیں اور بدعنوانی میں ملوث مزید افسران کی نشاندہی کے لیے مزید چھاپے مارے جا رہے ہیں۔

واضح رہے کہ ڈکی بھائی کو ایف آئی اے نے 16 اگست کو آن لائن جُوئے اور منی لانڈرنگ کے الزامات پر گرفتار کیا تھا۔

Related Articles

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے

Back to top button