لاہور : پنجاب حکومت نے عوام کی زمین اور جائیداد کے تحفظ کے لیے پراپرٹی آرڈیننس 2025 کو حتمی منظوری دے دی۔ وزیراعلیٰ مریم نواز نے اجلاس میں کہا کہ آرڈیننس کے تحت کسی بھی شخص کی جائیداد پر قبضے کے مقدمات صرف 90 دن میں حل ہوں گے، اور قبضہ مافیا کا راج ختم ہو جائے گا۔
نئے نظام میں ہر ضلع میں ڈسپیوٹ ریزولوشن کمیٹیاں قائم کی جائیں گی جن کی سربراہی ڈپٹی کمشنر کریں گے، اور کمیٹی میں ڈی پی او سمیت متعلقہ حکام شامل ہوں گے۔ کمیٹی کے فیصلے کے خلاف اپیل ہائی کورٹ کے ریٹائرڈ جج کی سربراہی میں قائم خصوصی ٹربیونل میں کی جا سکے گی، جسے بھی فیصلے کے لیے 90 دن کا وقت دیا گیا ہے۔
وزیراعلیٰ نے مزید کہا کہ فیصلے کے بعد قبضہ واگزار کرانے کے لیے پیرا فورس کی خدمات استعمال کی جائیں گی اور مکمل شفافیت کے لیے ڈیجیٹل ریکارڈنگ اور لائیو اسٹریمنگ کی تجاویز پر عمل درآمد کیا جائے گا۔ انہوں نے واضح کیا کہ پنجاب میں اب کوئی شہری اپنی زمین سے محروم نہیں ہوگا، اور چھوٹی جائیداد بھی ہر شہری کی کل کائنات ہے، جس کے تحفظ کو یقینی بنایا گیا ہے۔




