لاہور: وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز شریف نے صوبے میں گورننس اور صفائی کے معیار کو بہتر بنانے کے لیے نگرانی مزید سخت کرنے کا اعلان کیا ہے۔ انہوں نے ضلعی سربراہوں کو ہدایت دی کہ فوری اقدامات کریں اور غیر معیاری کارکردگی دکھانے والے افراد کو کسی قسم کی رعایت نہ دی جائے۔
وزیراعلیٰ کی زیرصدارت اجلاس میں خفیہ ٹیموں کے ذریعے گورننس کے معیار کی جانچ کرنے، اور "ستھرا پنجاب” پروگرام کے تحت ناقص کام کرنے والے ٹھیکیداروں کی ادائیگی روکنے کا فیصلہ کیا گیا۔ شہر میں کوڑے دان کی صفائی، ویسٹ انکلوژر کی تعمیر اور پارکنگ ایریاز و بس سٹینڈز کی صفائی کے اقدامات کو بھی بہتر بنایا جائے گا۔
انہوں نے آوارہ کتوں کے کاٹنے، مین ہول میں حادثات اور سرکاری ہسپتالوں میں فری میڈیسن کی کمی پر سخت نوٹس لیتے ہوئے کہا کہ عوامی خدمت میں کوتاہی برداشت نہیں کی جائے گی۔ پنجاب میں تجاوزات کے خاتمے کے لیے 24/7 مانیٹرنگ اور سی سی ٹی وی کے ذریعے فوری کارروائی کی جائے گی۔
مریم نواز نے کہا کہ فنڈز کے باوجود اگر معیار بہتر نہ ہوا تو افسوسناک بات ہے اور گڈ گورننس کے لیے انتظامیہ کو مکمل اختیارات اور اعتماد دیا گیا ہے تاکہ عوام کی خدمت کے ہر پہلو پر توجہ دی جا سکے۔




