لاہور: وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز شریف نے کہا ہے کہ عوام کی حمایت کسی بھی انتخابی عمل کی اصل بنیاد ہوتی ہے، اور جب عوام ساتھ ہوں تو بائیکاٹ کا راستہ اختیار نہیں کیا جاتا۔ انہوں نے کہا کہ اگر انتخابات میں دھاندلی کا دعویٰ ہو تو اسے سامنے لانا چاہیے، نہ کہ شکست کے بعد بائیکاٹ کا بیانیہ اپنایا جائے۔
صوبائی وزراء اور سیکرٹریز کے خصوصی اجلاس سے خطاب میں انہوں نے کہا کہ حالیہ ضمنی انتخابات نے واضح کیا ہے کہ عوامی فیصلہ کارکردگی کی بنیاد پر سامنے آیا ہے۔ ان کے مطابق یہ مقابلہ محض الیکشن نہیں تھا بلکہ عوام کے اعتماد کا اظہار تھا۔
مریم نواز شریف نے کہا کہ پرفارمنس ہمیشہ سب سے مضبوط بیانیہ ثابت ہوتی ہے۔ انہوں نے کہا کہ پی ٹی آئی نے پنجاب میں بائیکاٹ کیا جبکہ خیبرپختونخوا میں الیکشن میں حصہ لیا، لیکن وہاں بھی عوام نے انہیں مسترد کر دیا۔ ان کا کہنا تھا کہ ’’قیدی نمبر 804‘‘ کے سہارے چلائی جانے والی مہم بھی کامیاب نہ ہو سکی۔
وزیراعلیٰ نے کہا کہ ضمنی انتخابات میں فتح مسلم لیگ (ن) کی کارکردگی، عوامی خدمت اور اعتماد کا نتیجہ ہے۔ انہوں نے یہ کامیابی نواز شریف اور دونوں صوبوں کے عوام کے نام کرتے ہوئے کہا کہ ووٹروں نے ثابت کیا ہے کہ وہ عملی کام کو ترجیح دیتے ہیں۔




