ٹیکنالوجی

یوٹیوب کا پرائیویٹ میسجنگ فیچر دوبارہ متعارف، آزمائش آئرلینڈ اور پولینڈ میں شروع

کیلیفورنیا: یوٹیوب نے 2019 میں اپنے پلیٹ فارم سے پرائیویٹ میسجنگ فیچر کو ہٹا دیا تھا، لیکن اب یہ فیچر دوبارہ صارفین کے لیے دستیاب کرایا جا رہا ہے۔ یوٹیوب نے اس فیچر کی آزمائش کی ابتدا آئرلینڈ اور پولینڈ میں محدود سطح پر کر دی ہے۔

یوٹیوب کا کہنا ہے کہ اس فیچر کی آزمائش کا مقصد یہ جانچنا ہے کہ صارفین کی جانب سے اس فیچر کی دوبارہ درخواست پر کیا ردعمل آتا ہے۔ فی الحال، صرف منتخب صارفین ہی اس فیچر تک رسائی رکھتے ہیں، اور وہ یوٹیوب کی موبائل ایپ کے ذریعے ویڈیوز دوسروں کے ساتھ شیئر کر سکتے ہیں۔ شیئر بٹن پر کلک کرنے کے بعد، صارفین فل اسکرین چیٹ ایپ میں ایک گروپ یا ون آن ون چیٹ شروع کر سکتے ہیں اور اپنی پسندیدہ ویڈیوز کو دوستانہ پیغامات، ایموجیز یا ٹیکسٹ کے ساتھ شیئر کر سکتے ہیں۔

کمپنی کے مطابق، صارفین کی جانب سے اس فیچر کا سب سے زیادہ مطالبہ کیا جا رہا تھا۔ جب 2019 میں یوٹیوب نے یہ فیچر ہٹایا تھا تو اس کی وجہ واضح نہیں کی گئی تھی، تاہم اب اس فیچر کو واپس لانے کی کوشش کی جا رہی ہے۔

نئے فیچر کے تحت، صارفین کو ویڈیوز شیئر کرنے سے پہلے دعوت (انوائیٹ) بھیجنی ہوگی اور فی الحال یہ فیچر صرف 18 سال یا اس سے زائد عمر کے افراد کے لیے دستیاب ہے۔ اس کے علاوہ، یوٹیوب نے میسجنگ فیچر میں اضافی سیکیورٹی آپشنز بھی شامل کیے ہیں، جیسے "ان سینڈ” (unsend) میسجز، بلاک اور رپورٹ کے آپشنز، تاکہ صارفین کو ایک محفوظ اور بہتر تجربہ فراہم کیا جا سکے۔

ایک اور اہم بات یہ ہے کہ یوٹیوب کمیونٹی گائیڈ لائنز کا اطلاق اس فیچر پر بھی ہوگا، جس کا مطلب ہے کہ میسجز پر بھی ویڈیوز اور کمنٹس کی طرح پابندیاں ہوں گی۔

یہ فیچر ان صارفین کے لیے خوشخبری ہے جو یوٹیوب ویڈیوز کو ای میل، واٹس ایپ، یا انسٹاگرام جیسے دیگر پلیٹ فارمز پر شیئر کرنے کی بجائے، اب براہ راست یوٹیوب ایپ میں ہی اپنے دوستوں کے ساتھ شیئر کرنا چاہتے ہیں

Related Articles

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے

Back to top button