لاہور : عالمی شہرت یافتہ امریکی جریدے فوربز نے پنجاب حکومت کے ’’ستھرا پنجاب پروگرام‘‘ کو تیز رفتار اور مؤثر اصلاحاتی ماڈل قرار دیتے ہوئے اپنی رپورٹ میں وزیراعلیٰ مریم نواز اور انتظامی ٹیم کی کارکردگی کو سراہا ہے۔ معروف تجزیہ کار پال کلین نے اپنی تحریر میں کہا کہ پنجاب حکومت نے مختصر مدت میں شہری صفائی اور ویسٹ مینجمنٹ کے پیچیدہ مسئلے کو بہتر حکمت عملی اور عملی اقدامات کے ذریعے ایک مثبت موقع میں تبدیل کیا۔
رپورٹ کے مطابق پروگرام کے تحت ٹیکنالوجی کا استعمال، مربوط مانیٹرنگ، فیلڈ مینجمنٹ اور ادارہ جاتی کوآرڈینیشن میں نمایاں بہتری آئی ہے، جس کی بدولت صوبے کے بڑے شہروں میں صفائی کے معیار میں واضح تبدیلی دیکھی گئی۔ فوربز نے اسے ’’گورننس میں عملی کارکردگی‘‘ کی تازہ مثال قرار دیا ہے۔
فوربز کی رپورٹ کے بعد وزیراعظم شہباز شریف نے وزیراعلیٰ مریم نواز اور پنجاب ٹیم کی کارکردگی کو سراہتے ہوئے کہا کہ عالمی سطح پر اس پروگرام کا اعتراف پاکستان کے لیے حوصلہ افزا ہے۔ وزیراعظم نے کہا کہ ستھرا پنجاب پروگرام جدت، بہتر نظم و نسق اور مضبوط منصوبہ بندی کی کامیاب علامت بن چکا ہے۔




